|

وقتِ اشاعت :   May 1 – 2018

کوئٹہ: کوئٹہ میں پولیس اور ایف سی کے حکام نے بتایا ہے کہ دہشتگردی کی نئی لہر پر قابو پانے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں، مستونگ کے پہاڑی علاقے میں آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کا اہم ٹارگٹ کلر مارا گیا ۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوا۔ 

یہ بات ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ اور ایف سی کوئٹہ کے سیکٹر کمانڈربریگیڈیئر تصور ستار نے یہاں کوئٹہ میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہی۔

ڈی آئی جی کوئٹہ پولیس عبدالرزاق چیمہ اور سیکٹر کمانڈر بریگیڈیئر تصور ستار نے کہا کہ کوئٹہ میں حالیہ دنوں دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ میں اضافہ ہوا ہے ۔

ان واقعات کی روک تھام اور ان میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار فرنٹیئر کور پولیس اور دیگر ادارے بھی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر رہے ہیں ۔

28 اپریل سے مستونگ کے علاقے اسپلنجی اور قابو میں کوہ مہران کے پہاڑیوں میں فرنٹیئر کور، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ ٹیموں کے ہمراہ آپریشن کر رہے تھے

کیونکہ اس سے قبل بھی مذکورہ علاقے میں کالعدم تنظیموں کے کیمپوں کو تباہ کیا تھا جیسے ہی فورس کے اہلکاروں نے کا رروائی کی تو وہاں پر موجود دہشت گردوں کی جانب سے سخت مزاحمت کی گئی اور اہلکاروں پر جدید ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک فرنٹیئر کور کا اہلکار بھی زخمی ہوا ۔

جوابی کا رروائی میں کالعدم تنظیم کا اہم دہشتگرد مارا گیا جس کی شناخت مقصود احمد کے نام سے ہوئی۔ ہلاک ملزم منگھو پیر کراچی میں رہ چکا ہے ۔انٹیلی جنس اداروں کے مطابق ہلاک دہشتگرد لشکر جھنگوی کا اہم دہشتگرد تھا ۔کارروائی کے دوران کلاشنکوف، رائفلیں، پستول اور دستی بم سمیت بڑی تعداد میں اسلحہ ملا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ دہشت گرد کوئٹہ میں بڑھتی ہوئی حالیہ دہشت گردی کی وارداتوں کے بعد وہاں پر دوبارہ اپنے کیمپوں کو فعال بنانے کی کوشش کر رہے تھے جس کو قانو ن نافذ کرنے والے اداروں نے ناکام بنا دیا انہوں نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے اسلحہ ایمو نیشن اور دیگر رہنے سہنے کے سامان سے معلوم ہوتا ہے کہ وہاں پر چھ سے سات لو گوں کی موجودگی تھی کیونکہ آپریشن کے دوران وہاں سے بستر اور دیگر سامان بھی قبضے میں لیا ہے ۔

انہوں نے کہا ہے کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اہلکار عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ کرسچن کمیونٹی ، ہزارہ کمیونٹی سمیت تمام لو گوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں ہزارہ کمیٹی کی جانب سے تین مقامات کی نشا ند ہی کی گئی جہاں پر سیکورٹی کے حوالے سے اضافی نفری لگائی گئی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ شہر میں گشت کرنے کے لئے موٹرسائیکل فورس آج سے اپنی ذمہ داری سنبھالتے ہوئے گشت کر ے گی ان جوانوں کو پاک فوج سے جدید تربیت فراہم کی گئی ہے 200 اہلکاروں پر مشتمل یہ دستہ ایلیٹ فورس کا تربیت یافتہ ہے ۔

انہوں نے کہا ہے کہ پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ ضلعی انتظامیہ بھی امن کی بحالی اور بزنس کمیونٹی سمیت لو گوں سے رابطوں میں ہے بزنس کمیونٹی سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرے جب تک کوئٹہ سیف سٹی منصوبہ فعال نہیں ہوتا اس وقت تک ان کیمروں کی مدد سے ملزمان کو تلاش کیا جا سکے جان محمد روڈ پر سیکورٹی کو بڑھایا گیا ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن تواتر کیساتھ جاری ہے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے انہوں نے کہا ہے کہ جو دشمنوں کے ایجنڈے کو تکمیل دے کر اپنی سر زمین کو کمزور کر رہے ہیں وہ بھی عوام کے سامنے ایکسپوز ہو رہے ہیں ۔

ہماری بھی کوشش ہے کہ ایسے لو گوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہے کہ پولیس اور دیگر قانو ن نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں نے جتنی شہادتیں دی ہے اتنی کسی کمیونٹی کی جانب سے نہیں ہم آج بھی اپنی جانوں پر کھیل پر عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنا رہے ہیں بنا تے رہیں گے یہ ہماری آئینی اور قومی ذمہ داری ہے ۔

انہوں نے کہا ہے کہ جان محمد روڈ پر اس سے قبل بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا ہم لوگ پرانے واقعات کے محرکات کو بھی مد نظر رکھتے ہوئے تحقیقاتی عمل کو آگے بڑھا رہے ہیں عوام کی مشکل کو مد نظر رکھتے ہوئے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد نہیں کی لیکن جو بھی موٹرسائیکل سوار چہرہ ڈھانپ کر یا ہیلمٹ پہن کر آئے گا ۔

پولیس اس کو روک کر چیک کرے گی ہماری میڈیا سمیت شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ اپنا تعارف اور اپنی شناخت کرائے انہوں نے کہا کہ کریمنل لوگ ایک مقام سے دوسرے مقام پر شفٹ ہو رہے ہیں اور بڑھتی ہوئی انفارمیشن ٹیکنا لوجی کے تحت کرائم کی وارداتوں کے طریقہ کار بھی بدل رہے ہیں ہم بھی اسی حساب سے حکمت عملی تبدیل کر کے ملک دشمن عناصر کا تعاقب کر تے ہیں تاکہ انہیں قانون کے شکنجے میں جکڑ کر امن کو یقینی بنایا جا سکے ۔

انہوں نے کہا ہے کہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں گاڑیوں کو گولیاں لگی ہے اور وہاں سے بڑی مقدار میں اسلحہ جس میں کلوشنکوف، پسٹل، دستی بم ، راؤنڈ ، بستر اور دیگر سامان برآمد کر کے قبضے میں لیا ہے ۔