تربت: تربت پولیس کا مختلف علاقوں میں سرچ اور ٹارگٹڈآپریشن،40مشتبہ افراد زیر حراست، اسلحہ برامد۔ پولیس ذرائع کے مطابق تربت میں پولیس نے منگل اور بدھ کو شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے اور سرچ آپریشن کے دوران 40کے قریب مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا اور ایک کلاشنکوف سمیت پسٹل اوردیگر اسلحہ برامد کیئے ۔
ذرائع کے مطابق انجمن تاجران تربت کے سابق صدر معروف سیاسی و سماجی شخصیت حاجی شیر محمد جوسکی کے بیٹے سراج شیر کے اغواء کے بعد ان کی بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیئے پولیس اور انتظامیہ متحرک ہوگئی ہے ۔
دو دنوں کے دوران شہر میں پولیس کی گشت میں نمایاں اضافہ کے ساتھ مختلف علاقوں میں ٹارگٹ آپریشن کی اطلاعات ملی ہیں ۔ بدھ کے روز تربت سٹی میں لال جان کالونی اور کرکینی کے ایریا میں پولیس کی بھاری نفری نے ریڈ کیا اور سرچ کے دوران درجنوں مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیاجبکہ منگل کی شام آبسر بلوچی بازار اور کئی دیگر کالونیوں میں چھاپے مارے گئے جہاں پہ بڑی تعداد میں گرفتاریوں کی اطلاعات ملی ہیں۔
بعد ازاں خواتین کی بڑی تعداد نے پولیس تھانے کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ پولیس نے ان کے گھروں اور محلے میں چھاپے کے دوران ان کے بچوں کو بے جا حراست میں لیا ہے انہیں فورا رہا کیا جائے۔
تربت کے مختلف علاقوں میں پولیس کی کاروائیاں 40 افراد گرفتار
وقتِ اشاعت : May 3 – 2018