کوئٹہ: کوئٹہ میں زیر تعمیر فیکٹری کی دیوار گرنے سے تین مزدور جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ رات گئے کوئٹہ کے تھانہ منظور شہید کی حدود میں مشرقی بائی پاس پر واقع صنعتی زون میں پیش آیا۔ پلاسٹک کی زیر تعمیر فیکٹری کی دیوار کے ساتھ مزدور ٹینٹ لگاکر سورہے تھے ۔
تیز ہوا کی وجہ سے دیوار گرگئی اور ملبہ ٹینٹ پر آگرا جس کے تلے دب کر وہاں سوئے ہوئے تین مزدور جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق اطلاع صبح اس وقت ملی جب دیگر مزدور کام کرنے کے لئے فیکٹری پہنچے۔
لاشوں کو فوری طور سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ضابطے کی کارروائی کے بعد انہیں ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت نوشکی کے رہائشی 24 سالہ عبدالجبار ، بہاولپور پنجاب کے رہائشی22 سالہ عادل اور 22 سالہ سرفراز کے نام سے ہوئی۔ دونوں کی میتیں آبائی علاقے روانہ کردی گئیں۔ واقعے کے بعد فیکٹری کو سیل کرکے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئیں۔
کوئٹہ میں زیر تعمیر فیکٹری کی دیوار گرنے سے تین مزدور جاں بحق
وقتِ اشاعت : May 3 – 2018