کوئٹہ: کوئٹہ میں ہزارہ برادری کے تحفظ کیلئے نئے اقدامات شروع کردیئے گئے۔ زنگی نالے سے ہزارہ ٹاؤن میں غیرمتعلقہ افراد کی آمدروفت روکنے کیلئے تقریباً تین کلو میٹرخندق کھود دی گئی۔
سیکٹڑ کمانڈر کوئٹہ ایف سی بریگیڈیئر تصور ستار کے مطابق کوئٹہ میں دہشتگردی کے خطرات کے پیش نظر ہزارہ آبادی والے علاقوں کی سیکورٹی کیلئے مزید اقدامات شروع کردیئے۔ زنگی نالے سے ملحقہ ہزارہ ٹاؤن کے عقبی راستوں پر دو ہزار آٹھ سو میٹر طویل خندق کھود دی گئی ہے۔
چھ فٹ گہری اور تقریبا آٹھ فٹ چوڑی خندق سے کرانی،عیسیٰ نگری اور زنگی نالے سے ہزارہ ٹاؤن میں داخلے کے ممنوعہ راستے بند کردیئے گئے۔ خندق کے علاوہ تقریباً چھ سو میٹر طویل حفاظتی بند بھی بنایا گیا ہے۔
ایف سی حکام کا کہنا ہے کہ غیرضروری راستوں کی بندش سے ہزارہ آبادی علاقوں کی سیکورٹی میں بہتری آئے گی۔ ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پولیس اور ایف سی نے ہزارہ برادری اور مقامی لوگوں کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ اقدام اٹھایا ہے چونکہ ہزارہ ٹاؤن جانیوالے تمام راستوں پر سیکورٹی دینا مشکل ہے اس لئے غیر ضروری راستے بند کردیئے گئے ہیں۔
اس طرح پولیس اور ایف سی کو اس حساس علاقے کو سیکورٹی فراہم کرنا آسان رہے گا۔ یاد رہے کہ ہزار ٹاؤن میں ماضی میں دہشتگردی کے کئی بڑے واقعات ہوچکے ہیں جس کے بعد ٹاؤن کے داخلی راستوں پر ایف سی نے چیک پوسٹیں قائم کردی تھیں۔
ہزارہ برادری کی سیکورٹی کیلئے ہزارہ ٹاؤن کے گرد خندقیں کھود دی گئیں
![]()
وقتِ اشاعت : May 4 – 2018