کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ قوم پرستی کے نام پر بھائی کو بھائی سے جدا کرنے والے منظور پشتین کے پیچھے کھڑے ہوکر دوبارہ سادہ لوح عوام کو ورغلانے کی کوشش کررہے ہیں۔صوبے کے عوام کو متحد کرکے انکے حقوق کا دفاع کرینگے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سابق صوبائی وزیر عبدالخالق اچکزئی کی بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان عوامی پارٹی نے صوبے میں آباد بلوچ، پشتون، ہزارہ پنجابی، سندھی اور دیگر اقوام کے درمیان تفریق ختم کردیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں سے لوگوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنا شروع کردی ہے ۔
ان کی شمولیت سے آنے والے وقتوں میں ہماری پارٹی مضبوط ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے پلیٹ فارم سے صوبے میں بھائی چارے کی فضاء برقرار رکھتے ہوئے بلوچستان میں امن قائم کرینگے۔ پچھلے ادوار میں قوم پرستی کے نام پر عوام سے مینڈیٹ حاصل کرکے ذاتی مفادات حاصل کرنے والوں کے کردار سے صوبے کی عوام بخوبی واقف ہے ۔ بلوچ اور پشتون اقوام کو لڑا کر ذاتی مفادات حاصل کرنے والوں کی دکاندار ی بند ہوچکی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ پشتون اور بلوچ اقوام کے درمیان نفرتوں کی دیواریوں کا خاتمہ کرکے ایک پلٹ فام پر اکھٹا کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں آباد تمام اقوام کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے بلوچستان عوامی پارٹی کے پلیٹ فارم سے صوبے کے حقوق کے لیے وفاق سمیت ہر فورم پر آواز بلندکرتے ہوئے عوام کی فلاح وبہبود کے لیے کام کرینگے ۔
ان کا کہنا تھا کہ پانچ سالوں تک اقتدار میں رہ کر ذاتی مفادات حاصل کرنے والی قوم پرست جماعت منظور پشتین کے پیچھے کھڑے ہوکر اس کی آڑ میں دوبارہ عوام کو ورغلانے کی ناکام کوشش کررہی ہے ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے عوام کو اس بات کا ادراک ہوگیا ہے کہ کون سے لوگ صوبے سے پسماندگی کا خاتمہ کرکے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے ان کے مسائل حل کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوامی طاقت سے اقتدار میں آکر بھائی کو بھائیوں سے جدا کرنے والی سیاست کا خاتمہ کرتے ہوئے بلوچستان اور پاکستان کی خدمت کریں گے۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ سعید احمد ہاشمی کا کہنا تھا کہ آئندہ چند روز میں قائد ایوان سمیت صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی باقاعدہ بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرینگے ۔
پارٹی کا منشور تیاری کے حتمی مرحلہ میں ہے انتخابات سے قبل پارٹی کو الیکشن کمیشن میں رجسٹر کردیا جائیگا ۔ اس موقع پر بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے سابق صوبائی وزیر عبدالخالق اچکزئی کا کہنا تھا کہ ملکی سطح کی سیاسی جماعتوں نے عوام کو مایوس کیا ہے سیاسی جماعتوں کے کھوکھلے نعرؤں پر سے عوام کا اعتما داٹھ چکا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے پلیٹ فارم سے آنے والی وقتوں میں بلوچستان سمیت پاکستان کی سیاست کو نیا رخ دیں عوام کو ایسی قیادت فراہم کریں جن کے قول اور فعل میں تضاد نہ ہوان کا کہنا تھا کہ روایتی سیاستدانوں جنہوں نے غریب کو غریب تراور امیر کو امیر تر کردیا۔
الیکشن کے دنوں میں آکر خوشنما نعروں کی بنیاد پر لوگوں سے ووٹ لیکر پانچ سال تک عوام کا رخ نہیں کرتے ، ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے حوالے سے پاکستان میں معاشی انقلاب آنے والا ہے مگر اقتدار پر براجماں جماعتوں نے منصوبہ کو صرف لاہور کے حد تک محدود کردیا۔
ایسی صورتحال نے بلوچستان کے نوجوان قیادت کو مجبور کردیا کہ وہ آگئے بڑھ کر لوگوں کو منفی سیاست کی مخالف میں راہ فراہم کریں ۔دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیرصدارت رمضان پیکج سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ماہ رمضان میں اشیاء خوردونوش کے نرخوں میں استحکام، سستے بازاروں کے قیام کے علاوہ عوام کو آٹے پر سبسڈی اور لوڈشیڈنگ میں کمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری بلوچستان اورنگزیب حق، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری انڈسٹریز ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن جاوید اقبال شاہوانی اور چیف ایگزیکٹیو کیسکو عطاء اللہ بھٹہ بھی موجود تھے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی اور مانیٹرنگ کمیٹی کو مزید متحرک اور فعال کیا جائے گا اور متعلقہ انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر اشیاء خوردونوش، پھل اور سبزیوں کی قیمتوں پر نظر رکھے گی۔
اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ نے زخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ماہ صیام میں ضروری اشیاء کی مصنوعی قلت پیدا نہ ہوسکے۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کوئٹہ شہر سمیت دیگر اضلاع میں سستے بازاروں کے قیام کے سلسلے میں انتظامیہ دکانداروں کی معاونت کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں دیگر ضروری سہولیات فراہم کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے کیسکو حکام کو ہدایت کی کہ ماہ رمضان کے دوران خاص طور پر سحروافطار اور تراویح کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کی جائے جبکہ لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں بھی کمی لائی جائے تاکہ عوام کی مشکلات کم ہوسکیں۔
وزیراعلیٰ نے ماہ رمضان میں ڈویژنل ہیڈکوارٹر اور اضلاع میں کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز کے فنڈز میں بھی اضافہ کی منظوری دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماہ رمضان میں عوام کو ریلیف پہنچانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ، اس سلسلے میں کوئی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماہ رمضان میں روزمرہ استعمال کی اشیاء کی دستیابی کے ساتھ ساتھ ان کی قیمتوں کو بھی مستحکم رکھا جائے جبکہ سستے بازاروں میں معیاری اشیاء کی فروخت مناسب قیمتوں پر یقینی بنائی جائے۔
وزیراعلیٰ نے کوئٹہ سمیت دیگر اضلاع میں مقامی انتظامیہ کو رمضان میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت اپنی بساط کے مطابق جتنا ممکن ہوسکے اشیاء خوردونوش بالخصوص آٹے میں سبسڈی فراہم کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے کیسکو حکام کو ہدایت کہ کہ صوبہ بھر میں لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں کمی لائی جائے اور سحروافطار اور تراویح کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔
قوم پرست منظور پشتین کے پیچھے کھڑے ہوکر عوام کو پھر ورغلانے کی کوشش کررہے ہیں، قدوس بزنجو
![]()
وقتِ اشاعت : May 11 – 2018