ڈبلن: آئرلینڈ کے خلاف کھیلے جارہے اولین ٹیسٹ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن آغاز میں ہی لڑکھڑا گئی دونوں اوپنرز 13 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
ڈبلن میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے لیے آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیوکرنے والے امام الحق ٹیم کے سینیئر بلے باز اظہر علی کے ہمراہ اننگ کا آغاز کرنے آئے لیکن دونوں اوپنرز پاکستان کو محض 13 رنز کا آغاز ہی دے سکے۔ اظہر علی 6 اور امام الحق 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ آئے۔
آئرلینڈ کو ٹیسٹ کرکٹ کا اسٹیٹس ملنے کے بعد یہ پہلا ٹیسٹ میچ ہے جس کے لیے آئرش کپتان پورٹر فیلڈ خاصے پُر جوش نظر آتے ہیں۔ آئرلینڈ کے کپتان کا کہنا تھا کہ آج ہمارے لیے بہت بڑا دن ہے، ہم ٹیسٹ کیریئر کا اولین میچ کھیلنے جارہے ہیں اور اس تاریخی موقعے کو امر کر نے کے لیے میچ جیتنے کی پوری کوشش کریں گے جس کے لیے سخت پریکٹس بھی کی ہے۔
دوسری جانب پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بھی تاریخی ٹیسٹ میچ کو اپنے نام کرنے کے لیے پُر عزم دکھائی دے رہے ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ آئرلینڈ کے خلاف اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے اور آئرلینڈ کو آسان ہدف سمجھنے کے بجائے پروفیشنل کرکٹ کھیلیں گے۔ تاریخی ٹیسٹ کا حصہ بننے پر خوشی ہو رہی ہے۔
پاکستانی ٹیم کپتان سرفراز احمد کے علاوہ اظہر علی، حارث سہیل، اسد شفیق، بابر اعظم، شاداب خان، فہیم اشرف، امام الحق، محمدعامر، راحت علی اور محمد عباس پر مشتمل ہے۔
امام الحق اور فہیم اشرف کا ٹیسٹ ڈیبیو ہے دونوں نوجوان کھلاڑیوں کو چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے ٹیسٹ کیپ پہنائی۔ ٹیسٹ کرکٹ کا اسٹیٹس ملنے کے بعد پہلا میچ ہونے کی وجہ سے آئرلینڈ کی پوری ٹیم کو بھی ٹیسٹ کیپ پہنائی گئی۔