|

وقتِ اشاعت :   May 13 – 2018

پیرس: فرانسیسی حکومت کا کہنا ہے کہ داعش کے ایک شدت پسند نے چاقو سے حملہ کرکے ایک شخص کو ہلاک اور 5 کو زخمی کردیا جب کہ پولیس کی فائرنگ سے حملہ آور بھی مارا گیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس میں نامعلوم حملہ آور نے چاقو سے حملہ کرکے ایک شخص کو ہلاک جبکہ 5 کو زخمی کردیا۔ پیرس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پیرس کے ضلع اوپرا میں زیادہ تر لوگ مختلف ممالک سے گھومنے پھرنے کی غرض سے آتے ہیں، اور حملہ آور نے بھی سیاحوں کو نشانہ بنایا،  پولیس اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کر کے حملہ آور کو ہلاک کردیا۔ مارے جانے والے شخص کی شناخت نہیں ہوسکی،  تاہم شدت پسند تنظیم داعش نے واقعے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

حکام کے مطابق زخمی ہونے والے پانچوں افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ حملہ آور نے حملے سے قبل اللہ اکبر کا نعرہ لگایا، جس کے بعد بھگڈر مچ گئی  جس کے نتیجے میں حملہ آور اپنے اہداف کو آسانی سے نشانہ بناتا رہا، پولیس اہلکاروں نے حملہ آور کو ٹیزر گن کے ذریعے پکڑنے کی کوشش کی تاہم ناکامی پر فائرنگ کی، حملہ آور کو 2 گولیاں لگیں اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔