برطانوی فٹبال کلب لیورپول میں کھیلنے والے سٹار مصری کھلاڑی محمد صلاح پریمیئر لیگ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
اتوار کو پریمیئر لیگ کے میچ میں برائٹن کلب کے ساتھ میچ میں گول کرنے کے بعد اب ان کے مجموعی طور پر 32 گول ہوگئے ہیں۔ اس سے پہلے یہ ریکاڈ نیو کاسل کلب کی طرف سے کھیلنے والے شہرہ آفاق کھلاڑی ایلن شئیرر کے پاس تھا۔ جنھوں نے یہ ریکارڈ 38 میچ میں بنایا تھا۔
انھیں میچ کے اختتام پر پچ پر مدعو کر کے جب گولڈن بوٹ کا ایوارڈ دیا گیا تو ان کی بیٹی مکہ صلاح فٹبال کے ساتھ کھیلتی کھیلتی میدان میں آگئیں۔ جس پر شائقین نے پر زور داد دی۔ وہ ابھی بال کو ڈربل کرتے ہوئے گول چکر کاٹ ہی رہی تھیں کہ محمد صلاح نے انھیں آکر ٹیکل کرنے کی کوشش کی جس پر لیورپول شائقین نے مزاقً محمد صلاح کے لیے ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور صلاح جونئیر کے لیے مزید تالیاں بجانے لگے۔
چار برس کی مکہ نے اپنے والد کے نام کی شرٹ پہن رکھی تھی اور وہ خوشی سے گراؤنڈ میں بال لیے ان کے ارد گرد دوڑ رہی تھیں۔
یہ ویڈیو ٹوئٹر پر وائرل ہوگئی ہے۔ نہ صرف لیورپول اور فٹبال کے شائقین بلکہ کھیل میں دلچسپی رکھنے والوں نے بھی اس ویڈیو کو ٹوئیٹ کیا ہے۔
مصری کھلاڑی محمد صلاح گزشتہ سال اطالوی کلب روما سے ٹرنسفر ہو کر لیورپول آئے تھے اور پہلے ہی سیزن میں انھوں نے سب سے زیادہ گول کر کے کئی بڑے کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ انھیں پریمئیر لیگ پلئیر آف دی سیزن کے ساتھ ساتھ گولڈن بوٹ اور پی ایف اے پلئیر دی ائیر کا ایوارڈ بھی دیا گیا ہے۔ مبصرین کا خیال ہے کہ اگر وہ اسی رفتار سے گول کرتے رہے تو وہ اس سال کے بلون ڈی اؤر کے لیے بھی اہل ہو سکتے ہیں۔