|

وقتِ اشاعت :   May 15 – 2018

اسٹریٹ چلڈرن فٹ بال ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور ایونٹ کے سیمی فائنل میں قومی ٹیم نے انڈونیشیا کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جہاں اس کا مقابلہ ازبکستان سے ہو گا۔

روس کے شہر ماسکو میں جاری اسٹریٹ چلڈرن فٹ بال ورلڈکپ میں قومی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے فائنل میں جگہ بنا لی۔

پاکستان نے کوارٹر فائنل میں تاجکستان کو 2-0 سے مات دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ انڈونیشیا سے تھا اورنو عمر کھلاڑیوں نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پینالٹیز پر 4 کے مقابلے میں 5 گول سے کامیابی سمیٹ کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ 

اسٹریٹ چلڈرن فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کا مقابلہ 16 مئی کو ازبکستان سے ہوگا۔

پاکستان ٹیم کی اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ورلڈکپ کے فائنل میں رسائی پر پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر فیصل صالح حیات نے ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم فیصلہ کن معرکے میں ازبکستان کو شکست دے کر ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوجائے گی۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ورلڈ کپ میں دنیا بھر سے یتیم بچوں پر مشتمل مختلف ملکوں کی ٹیمیں شرکت کرتی ہیں اور دراصل یہ عالمی کپ سے ایک ماہ قبل اسی ملک میں منعقد ہوتا جو ورلڈ کپ کی میزبانی کر رہا ہوتا ہے تاکہ اس اہم مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جا سکے۔

اس کا آغاز 2010 میں جنوبی افریقہ سے ہوا تھا جس کے بعد برازیل نے اس کی میزبانی کی تھی اور اب تیسرے ایڈیشن میں روس میں ایونٹ کا انعقاد ہو رہا ہے۔

ایونٹ میں 14 سے 17 سال کی عمر کے 21 ملکوں کے بچے شرکت کر رہے ہیں۔