پنجگور : پنجگورسول اسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی ادویات کا بحران اور ایکسرے فلمز کی عدم دستیابی بدستور جاری ہے مریض صبح سے دوپہر تک اسپتال کی خاک چھان کر واپس گھروں میں خالی ہاتھ لوٹ جاتے ہیں ایمرجنسی میں آنے والوں کا تو برا حال ہوتا ہے ۔
حکومت سول اسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی دور کرکے ادویات اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائیں عوامی حلقوں کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق سول اسپتال پنجگور میں سہولیا ت کا فقدان اور ڈاکٹروں کی کمی کی وجہ سے عوام شدید مشکلات اور پریشانی کا شکار ہوچکے ہیں ۔
سول اسپتال کیذرائع کے مطابق اسپتال میں ڈاکٹروں کی بیشتر آسامیاں خالی ہیں جس سے اسپتال کا نظام شدید متاثر ہوچکا ہے اور جو ڈاکٹر دستیاب ہیں وہ اسپتال کی ضروریات کے پیش نظر نا کافی ہیں اسپتال میں کارڈیولوجسٹ اور پیتالوجسٹ کی تعیناتی کا عمل آج بھی توجہ طلب ہے ۔
سول اسپتال پنجگور جہاں پورے ڈسٹرکٹ کا انحصار ہے محض 8 ڈاکٹروں کی پوسٹنگ ہوئی ہے اسی طرح پچھلے پانچ ماہ سے اسپتال میں ایکسرے فلمز، کیمیکل موجود نہیں ہے ادویات کے لیے لوگ مارے مارے پھرتے ہیں ۔
اس کے باوجود نہ علاقے کے منتخب نمائندے توجہ دے رہے ہیں اور نہ ہی حکومت وقت کے کانوں پر کوئی جوں رینگتا ہے جس سے وہ خواب سے بیدار ہوکر دکھی انسانیت کی خدمت اور لوگوں کے زخموں کو مندمل کرنے کے لیے اقدامات کرے عوامی حلقوں نے اس بات پر بھی افسوس ظاہر کی کہ نان ٹیکنیکل لوگوں کو اسپتال کے اہم شعبے سپرد کیئے گئے ہیں جو انتہاہی غیر مناسب اور طب کے اصولوں کے منافی عمل ہے ۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اسپتال میں ڈاکٹروں کمی دور کرکے اسپتال کے تمام شعبوں میں تربیت یافتہ افراد تعینات کریں اور ساتھ ہی ادویات کے بحران پر بھی توجہ دیں تاکہ غریب اور عام شہریوں کے لیے آسانیاں پیدا ہوسکے
پنجگور سول ہسپتال میں ڈاکٹروں اور ادویات کی کمی
وقتِ اشاعت : May 19 – 2018