|

وقتِ اشاعت :   May 20 – 2018

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر رقیہ ہاشمی نے بجٹ پیش کرنے کے دوران ارکان اسمبلی کی جانب سے اختیار کئے گئے رویے کے خلاف استعفیٰ دے دیا۔ 

رقیہ ہاشمی کو بلوچستان اسمبلی کے بجٹ سیشن کے دوران اپوزیشن ارکان کی جانب سے شدید مزاحمت اور سخت رویے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔وہ صوبے کی پہلی خاتون ہے جنہیں بجٹ پیش کرنے کا اعزاز حاصل ہواتاہم سولہ مئی کو صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں ضمنی بجٹ پیش کرنے کے دوران انہیں اپوزیشن کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ 

اپوزیشن ارکان نے اس دوران بجٹ دستاویزات کی کاپیاں پھاڑی اور اجلاس کی صدارت کرنے والی خاتون رکن اسمبلی شاہدہ رؤف کے ساتھ بھی انتہائی تلخ رویہ اپنایا۔ وزیراعلیٰ کی مشیر برائے خاتون ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی نے تصدیق کی کہ انہوں نے ارکان اسمبلی کے رویے سے تنگ آکر مشیر خزانہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ 

تحریری استعفیٰ گورنر محمد خان اچکزئی اور وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کو پیش کردیا ہے۔ مستعفی مشیر خزانہ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اپنے ممبران کے عزت اور وقار کا تحفظ کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔رقیہ ہاشمی کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی عزت پیاری ہے ،عہدے کی قیمت پر اپنی عزت پر سمجھوتہ نہیں کرسکتی۔