|

وقتِ اشاعت :   May 20 – 2018

کوئٹہ: کوئٹہ میں ایف سی مددگار سینٹر پر خودکش حملے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا۔ واقعہ کی تحقیقات کیلئے لاہور سے فارنزک ماہرین کی ٹیم پہنچ گئی۔ تین رکنی کمیٹی ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئے۔ پولیس حکام کے مطابق لاہور سے پنجاب فارنزک سائنس لیبارٹری کے ماہرین کی تین رکنی ٹیم نے دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا۔ 

فارنزک اور کرائم سین ماہرین نے دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی ،اسلحہ کے ٹکڑے،ہلاک دہشتگردوں کے جسم کے اعضاء اور دیگر شواہد اکٹھے کرلئے۔ شواہد کاپنجاب فارنزک سائنس لیبارٹری میں تجزیہ کرکے باقی دھماکوں سے موازانہ کیا جائیگا جبکہ ہلاک دہشتگردوں کی شناخت کیلئے ان کے اعضاء کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی کیا جائیگا۔ 

پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ دہشتگردوں نے پہلے موٹرسائیکل ایف سی مددگار سینٹر کے گیٹ سے ٹکرائی اور اس کے بعد بارود سے بھاری گاڑی کا دھماکا کیا۔ 

باقی تین دہشتگردوں کو ایف سی اہلکاروں نے سینٹر میں داخل ہونے سے پہلے ہی گولیاں مار کر ہلاک کیا۔اس حملے میں موٹروے پولیس کے ایک آفیسر شہید اور ایف سی کے سات اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ 

دوسری جانب پولیس نے واقعہ کی تحقیقات کیلئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے جس میں پولیس کے مختلف شعبوں کے ماہرین کو شامل کیا گیا ہے۔ادھر واقعہ کا مقدمہ حملے کا مقدمہ کاؤنٹرٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی )پولیس تھانے میں ایف سی صوبیدار عبدالشکور کی مدعیت میں نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف درج کرلیاگیا ہے۔مقدمہ میں قتل ،اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی اور ایکسپلوزیوایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں ۔