کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ ملک مخالف قوتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے افغانستان کی سرزمین استعمال کررہی ہے مولوی حبیب اللہ مینگل کا قتل کوئٹہ شہر کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی سازش ہے۔
قتل میں ملوث عناصر نے نہ انسانیت کی خدمت کی ہے نہ مذہب اور نہ اس اقدام سے وہ جنت کے حقدار ہوئے ہیں۔ پرامن سیاست ہمارا جرم نہیں جس پر گالی اور گولی دونوں مولوی کی قسمت میں لکھ دیئے گئے ہیں۔
داڑھی پگڑی منبر اور محراب کو نشانہ بنانے والے ہماری خاموشی کو ہماری بزدلی نہ سمجھیں جمعیت ضلع کوئٹہ کے سرپراست اعلیٰ کی شہادت میں ملوث عناصر کی عدم گرفتاری کیخلاف 25 مئی کو پرامن احتجاجی مظاہرہ کرینگے۔ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھاکہ کوئٹہ میں امن وامان کی ناگفتہ بہ صورتحال کے اثرات بلوچستان بھر میں پڑسکتے ہیں ۔
موجودہ حکومت بھی قوم پرستوں کی حکومت کی طرح بلوچستان کے عوام کو امن دینے میں ناکام ہوچکی ہے سانحہ آٹھ اگست پولیس ٹریننگ سکول مستونگ میں درجنوں افراد کا قتل جمعیت کے اجتماع پر خودکش حملہ سیکورٹی اداروں کے افسران حامد شکیل، ساجد مہمند ، سہیل عابد، ایف سی مددگار سینٹر پر 5 خودکش حملوں سمیت ہزارہ برادری ، علماء4 کرام سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کے قتل میں ملوث عناصر اور محرکات کو سامنے لانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔
دن دیہاڑے یہ کون لوگ ہیں جو جہاں چاہیں کسی کو بھی نشانہ بناسکتے ہیں ہمارے اس سوال کا جواب موجودہ اور سابق حکومتوں میں ریاست سے متعلق ذمہ داروں میں سے کسی کے پاس نہیں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ بدامنی کے ہرواقعہ کو افغانستان میں موجودہ ایجنسیوں کی کارستانی قرار دیکر ریاست خود کو برالزمہ نہیں ٹھراسکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی رپورٹ کے مطابق ملک میں 33خفیہ ادارے کام کررہے ہیں لیکن تعجب ہے کہ وہ نہتے اور معصوم عوام کی ٹارگٹ کلنگ کرنے والوں کا پتہ نہیں لگا سکتے ایک طرف عوام کو خود اپنے تحفظ کا حق حاصل نہیں تو دوسری جانب حکومت اور مشینری اپنی ذمہ داریوں سے غافل ہیں ۔
ایسے میں عوام دہشت گردوں کے رحم وکرم پر ہے انہوں نے کہاکہ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں پولیس کی جانب سے آئمہ کرام کو بلا کر سیکورٹی گارڈ رکھنے کی تلقین کی گئی ہے اگر علماء4 کرام نے ہی مساجد کیلئے سیکورٹی گارڈ رکھنے ہیں تو مرکزی بجٹ میں 12ارب اور صوبائی بجٹ میں 35سے40اب روپے کیوں سیکورٹی کی مد میں رکھے گئے ہیں ۔
پرامن سیاست ہمارا جرم ہے گالی اور گولی مولوی کی قسمت میں لکھ دیئے گئے ہیں ، حافظ حمد اللہ
![]()
وقتِ اشاعت : May 23 – 2018