|

وقتِ اشاعت :   May 27 – 2018

کوئٹہ: کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو ٹریفک پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دو حملہ آور بھی مارے گئے جبکہ ان کا تیسرا ساتھی زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ 

گولیوں کی زد میں آکر چار راہ گیر بھی زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تقریباً چھ بجے کوئٹہ کے علاقے سرکی روڈ پرکیپری سینما چوک پر پیش آیا جب ٹریفک پولیس اہلکار معمول کی ڈیوٹی کے دوران تھک کر ایک دکان کے باہر بیٹھے تھے۔ اس دوران نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ٹریفک پولیس کے دو اہلکار شہید ہوگئے۔ 

قریب ہی گشت میں مصروف ایگل پولیس فورس کے اہلکار موقع پر پہنچے تو ان کا دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ایگل فورس کے کمانڈوز نے مؤثرجوابی کارروائی کرتے ہوئے دو حملہ آوروں کو سر اور کمر میں گولیاں مار کر ہلاک کردیا اور ان کے ایک ساتھی کو زخمی بھی کیا جو فرار ہوگیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں چار راہ گیر بھی زخمی ہوگئے جنہیں سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔شہید ٹریفک اہلکاروں اور ہلاک دہشتگردوں کی لاشیں اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ 

شہید اہلکاروں کی شناخت نوشکی کے رہائشی 35حوالدار سید شبیر شاہ اور کوئٹہ کے علاقے فیض آباد کے رہائشی تیس سالہ سپاہی عبدالرشید سرمستانی کے نام سے ہوئی۔ سید شبیر شاہ کو دو گولیاں سر میں جبکہ عبدالرشید کو آٹھ گولیاں جسم کے مختلف حصوں میں لگیں۔ 

زخمی راہ گیروں میں محمد شفیق ولد حاجی احمد خان درانی سکنہ سرکی روڈ کو پاؤں اور پیٹ میں دو گولیاں، 45سالہ خدائے داد ولد حاجی سلطان اچکزئی سکنہ سکنہ عثمان پشتون آباد کو ایک گولی پاؤں، حاجی اختر محمد ولد محمد جان علیزئی سکنہ عیسیٰ خان روڈ کو دو گولیاں پاؤں اور ہاتھ میں جبکہ جانان ولد عبدالخالق الکوزئی سکنہ پشتون آباد کو پاؤں میں ایک گولی لگی ہے۔ زخمی حاجی اختر کو ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا جبکہ تینوں زخمی آرتھوپیڈک وارڈ میں زیر علاج ہیں۔ 

اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی کوئٹہ پولیس عبدالرزاق چیمہ موقع پر پہنچے اور انہوں نے جائے وقوعہ کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی آئی جی کوئٹہ نے بتایا کہ ٹریفک اہلکاروں پر دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی تو آواز سنتے ہی قریب ہی گشت پر مامور پولیس کے ایگل فورس کے کمانڈوز موقع پر پہنچے اور دہشتگردوں کا تعاقب کیا۔ 

کچھ ہی فاصلے پر عیسیٰ خان روڈ پر دہشتگردوں کو گھیر کر ایگل فورس کے اہلکاروں نے مؤثر جوابی کارروائی کی اور گولیاں مار کر دو افراد کو ہلاک کردیا۔ ہلاک ہونیوالے دونوں افراد کو ہم سمجھتے ہیں کہ دہشتگرد ہیں کیونکہ ان کے پاس سے اسلحہ بھی ملا ہے۔ 

ہماری اطلاع کے مطابق دہشتگردوں کا ایک ساتھی زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے۔ دہشتگردوں کے مزید معاونین بھی ہوسکتے ہیں۔ فائرنگ کی زد میں آکر چار راہ گیر بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ 

ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے بتایا کہ ایگل فورس بہت بروقت اور مؤثر کارروائی کی۔ ایگل فورس کو ہم نے اسی لیے اتارا تھا کہ انتہائی رش میں عوام کو بچاتے ہوئے دہشتگردوں کے خلاف بروقت کارروائی کی جاسکے۔ اس فورس کو پاک فوج سے اس کی باقاعدہ تربیت دی گئی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ فرار ہونیوالے زخمی دہشتگرد کی نشاندہی کرنیوالے کو دس لاکھ روپے انعام دیا جائیگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دہشتگردی کے واقعات کے تدارک کیلئے پولیس کو بروقت اور معاون ثابت ہونیوالی اطلاعات فراہم کریں۔ 

شہریوں کی مدد سے ہی ہم دہشتگردی کی لہر کو روک سکتے ہیں۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورائیہ نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کاجائزہ لیا۔ سی ٹی ڈی اور پولیس کے دیگر تفتیشی اداروں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے۔ موقع سے پستول اور کلاشنکوف کے خول، ہلاک دہشتگردوں کے موبائل فون اور پستول بھی قبضے میں لے لئے گئے ہیں۔ 

ہلاک دہشتگردوں کے فنگر پرنٹس اور تصاویر حاصل کرکے شناخت کیلئے نادرا کو بھیج دی گئی ہے جبکہ اسے مختلف خفیہ اداروں کو بھی بھیج دیا گیاہے تاکہ وہ اپنے ڈیٹا بیس میں سے دہشتگردوں کی شناخت کرسکے۔ قریب واقع دکانوں پر نصب سی سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا ہے جس سے فرار ہونیوالے دہشتگرد کی شناخت میں مدد حاصل کی جائے گی۔