خیبر پختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ کے لئے منظور آفریدی کا نام ڈراپ کردیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق پارٹی کے چیئرمین عمران خان نے منظور آفریدی کا نام مسترد کرتے ہوئے پرویز خٹک کو نگراں وزیراعلیٰ کے لیے دوسرا نام دینے کی ہدایت کی۔
ترجمان وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ منظور آفریدی کا نام نہ فائنل ہوا تھا اور نہ ہی ڈراپ ہوا ہے۔ نگراں وزیراعلیٰ سے متعلق رات کو مشاورتی اجلاس ہوا ہے اور آج وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان مشاورت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے جو نام دیا ہے اس پر اپوزیشن جماعتوں نے اعتراض کیا ہم نے نہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور اپوزیشن لیڈر مولانا لطف الرحمان کے درمیان منظور آفریدی کے نام پر اتفاق ہوگیا لیکن پاکستان پیپلزپارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے ان کے نام پر اعتراض کیا گیا تھا۔
منظور آفریدی کون ہیں؟
42 سالہ منظور آفریدی کا تعلق فاٹا کی خیبر ایجنسی کے علاقے باڑا سے ہے اور وہ پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کے فرسٹ کزن اور سینیڑ حاجی ایوب آفریدی کے بھائی ہے۔ ان کے کزن مرزا محمد آفریدی بھی فاٹا سے سینٹر ہیں۔