|

وقتِ اشاعت :   May 29 – 2018

کوئٹہ +اندرون بلوچستان : یوم تکبیر کے حوالے سے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کئی سیاسی جماعتوں اور تنظیموں نے ریلیاں نکالیں اور تقاریب کا انعقاد کیا تقاریب میں مقررین نے کہا کہ 28مئی کے ایٹمی دھماکوں کے بعد ملک کے دفاع ناقابل تسخیر ہوگیا ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ 28مئی پاکستان کی سیاسی اور دفاعی تاریخ کا اہم ترین دن ہے اس دن میاں محمد نواز شریف نے تمام تر دباؤ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایٹمی دھماکے کئے اورایک نئی تاریخ رقم کی پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کا کریڈٹ محمد نواز شریف کی ولولہ انگیز اور جرأت مند قیادت کو جاتا ہے اور محمد نواز شریف نے اغیار کی امداد کو ٹھوکر مار کر ایٹمی دھماکے کر کے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔

28مئی 1998 ء کو پاکستان کے اس تاریخی کارنامے سے پوری قوم کا سرفخر سے بلند ہوا۔ یہ بات مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے سینئر نائب صدر جمال شاہ کاکڑ،ایڈیشنل جنرل سیکرٹری محمد یونس بلوچ ، شاکرمحمد حسنی ،سردارنقیب ترین ،ملک اسد سمالانی ، حیدر اچکزئی ،مرزا شمشاد، جاوید اعوان نے مسلم لیگ (ن) کے زیراہتمام 28مئی یوم تکبیر کے حوالے سے منعقدہ اجلاس اور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ڈھاڈر میں یوم تکبیر کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام ریلی کا انعقاد کیا گیا جسکی قیادت میر حاجی خان جتوئی نے کی ریلی میں نواب خان رند،وڈیرہ علی احمد رند، سید نواب شاہ دوپاسی ،جیسل رند،شاہ زور رند،علی گولہ ،بابل براہمانی اور دیگر شرکاء نے بینرز اٹھائے شاہی چوک سے رندعلی تک مارچ کیا ۔

اس موقع پر شرکاء سے خطاب میں حاجی خان جتوئی،عبدالحئی گولہ اور دیگر مقررین نے کہا کہ28مئی1998کو چاغی کے مقام پر ایٹمی دھماکہ کرکے پاکستان ایک ناقابل تسخیر ریاست کے طور پر ابھرا اور اسلامی ممالک کیلئے قلعہ اسلام جبکہ ایٹمی دھماکے کرنے والا دنیا کا ساتواں ملک بنا اس دن ملک کے نامور سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدید خان اور انکی دیگر کہنہ مشق سائنسدانوں کی بدولت ہم نے یہ کارنامہ سر انجام دیایہ ایک تاریخ ساز دن ہے ۔

جب مادر وطن نے ایک ایسے ہتھیار کا تجربہ کیا جیسے دنیا میں مہلک ترین ہتھیار مانا جاتا ہے ،چاغی کے صدر مقام دالبندین اور دھماکے کے دامن چھتر میں بھی ڈسڑکٹ کونسل کے ممبر میر قادر بخش محمد حسنی کی قیادت میں 28 مئی یوم تکبیر کی مناسبت سے ایک بہت بڑی ریلی نکالی گئی ریلی راسکوہ کے دامن چھتر کے علاقے میں نکالی گئی ۔

ریلی میں بڑی تعدد میں شہریوں اور قبائلی عمائدہن نے بڑی تعداد میں شریک ہوئے اس موقع پر راسکو چھتر کے مقام پراپوزیشن لیڈر میر قادر بخش محمدحسنی دالبندین ایف سی کرنل محمد عمران ،یوسی چئیرمین پدگ حاجی صاحب خان محمد حسنی پیپلز یوتھ چاغی کے سابق ضلعی صدر میراحمدمحمدحسنی اور اسفندیار یارمحمد زئی۔

سنگت ثنا بلوچ ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹھیک بیس سال قبل آج ہی کے دن پاکستان کو دنیا بھر میں چاغی کی سرزمین نے ناقابل تسخیر قوت بنایا اور اہٹمی دھماکے کے تجربہ کے بعد ہمارے دشمن بھارت کو منہ توڑ جواب مل گیا ،خان سنجرانی پینل کے زیر اہتمام یوم تکبیر کی مناسبت سے رکن ضلع کونسل چاغی خان محمدآصف سنجرانی کے دفتر سے کار گاڑیوں پہ مشتمل ایک ریلی صوبائی مشیر میر اعجاز خان سنجرانی کی ہدایت پہ نکالی گئی جوکہ مختلف شاہراؤں سے ہوتا ہوا بازار کے مین چوک پر اختتام پزیر ہوا ۔

جس میں سیاسی و سماجی شخصیات،قبائلی عمائدین،ہندو پنچائت کے رہنماؤں نے شرکت کی، شرکاء نے مختلف بینرز اور پاکستانی پرچم اٹھا رکھے تھے جن میں یوم تکبیر کے حوالے سے مختلف نعرے درج تھے ۔

ریلی کے شرکاء سے صوبائی مشیر میر اعجاز خان سنجرانی نے کہا کہ 28مئی کے دن کو ملکی تاریخ میں خصوصی اہمیت حاصل ہے ،یوم تکبیر کے موقع پر نصیرآباد میں جمہوری وطن پارٹی (عالی)کے زیراہتمام صوبائی رہنماء ڈاکٹرمحمداسحاق سندرانی بگٹی کی قیادت میں ایک عظیم الشان ریلی بگٹی ہاؤس ڈیرہ مرادجمالی سے نکالی گئی ۔

ریلی میں بگٹی قبائل سمیت دیگر افرادنے سینکڑوں کی تعدادمیں شرکت کی ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھارکھے تھے اور پاکستان زندہ بادپاک فوج پائندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے ۔

علاقہ پاکستانی نعروں سے گونج اٹھا ریلی کے شرکاء مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے پریس کلب پہنچے اورجلسہ منعقدہوا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جمہوری وطن پارٹی (عالی) کے مرکزی رہنماء ڈاکٹر محمد اسحاق بگٹی میر صابر حسین بگٹی،میرجان بگٹی، حاجی موج الدین بگٹی، علی گل رند،بختیاررند،میرسبزل کلوئی ، لعل محمد سندرانی ،سوناخان ،دلوخان بگٹی، حمل رامیزئی سمیت دیگر نے کہاکہ 28 مئی 1998کو پاکستان ایک ایٹمی طاقت بن کر ابھرااور بھارت کے مقابلے میں بم دھماکے کرکے پوری دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ہم بھی ایٹمی طاقت رکھتے ہیں ۔

دھماکوں کے بعد ملکی دفاع ناقابل تسخیربن گیا ہے ، یوم تکبر کے حوالے سنی تحریک کی جانب سے پاکستان زندہ ریلی نکالی ریلی کی قیادت شوکت علی لہڑی کرررہے تھے ریلی سے صوبائی صدر شوکت علی لہڑی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے سیاہ ترین دور کا خاتمہ ہونے والا ہے انڈیا نے ہمارے پانی کو بند کردیا ہے ۔

لیکن ہمارے حکمران اپنے کریشن کرنے کے لئے میٹرو بس کے منصوبے بنا کر کریشن کرنے لگے ہیں اس ملک میں پانی کے ڈیم بنا کر ملک میں پانی کا بحران کا خاتمہ کیا جائے ۔

انہوں نے کہا افواج پاکستان کے خلاف باتیں کرنے والوں کے زبان نکال لیں گئے ،نیشنل پارٹی قلات کے زیراہتمام یوم تکبیر28مئی کے حوالے سے ایک ریلی بی اینڈآر ریسٹ ہاس سے نکالی گئی ریلی کے شرکا نے بینرزاورپلے کارڈز اٹھائے رکھے تھے۔ریلی میں قلات وخالق آبادسے پارٹی ورکرزاورہندواقلیتی برادری نے بھی شرکت کی،مچھ میں سول سوسائٹی بلدیاتی نمائندوں سیاسی جماعتوں اور اسکولز کے طلباء کی جانب سے یوم تکبیر انتہائی جوش و جزبے کے ساتھ منایا گیا ۔

ریلی سے میونسپل کمیٹی کے چیئرمین ضلعی ممبر کچھی وائس چیئرمین سیاسی و قبائلی رہنماوں نے خطاب کیا تفصیلات کے مطابق 28 مئی کے حوالے سے یوم تکبیر مچھ میں ملی جوش جزبے کے ساتھ منایا گیا ۔

ریلی اللہ والا چوک سے چیئرمین ایم سی حاجی محمد جان بابے کردُ ضلعی ممبر کچھی حاجی میر مولا داد راہیجہ کی قیادت میں برآمد ہوئی ریلی پریس کلب مچھ سے ہوتے ہوئے جیل روڑ اورمین بازار پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کی، یومِ تکبیر کی مناسبت سے قبائلی رہنما امیر لیاقت خان بگٹی کے زیرِ اہتمام کے قیادت میں ڈیرہ بگٹی میں ایک بڑی ریلی نکالی گئی ۔

جس میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے شرکاء نے پاکستان اور پاک فوج اور آئی ایس آئی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے اور پاکستان کے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ بھارت کے خلاف اور کشمیر کے حق میں بھی زبردست نعرے لگائے گئے ۔

28مئی 1998 پاکستان نے ایٹمی دھماکہ کرکے دنیا کو بتادیا کہ ہم کسی سے کم نہیں اسی دن کے حوالے سے حب میں یوم تکبر کے سلسلے میں عظیم الشان ریلی نکالی گئی. ریلی کی قیادت ہریش کمار لاسی نے کی جو لاسی روڈ سے نکل کر مین بازار میں گشت کرتی موندرہ چوک پہنچی جہاں ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ہریش کمار لاسی. مولانا یعقوب ساسولی. سرور رونجھہ. عزیز ساسولی. اکرم موندرہ نے کہا کہ 20مئی 1998 کے دن وطن عزیز پاکستان کیلے ایک عظیم دن اسی دن دشمنان پاکستان کے ناپاک عزائم کو ملیہ میٹ کرنے کیلے پاک فوج نے چاغی کے پہاڑوں میں ایٹمی دھماکے کیے۔

پاکستان پر میلی آنکھ اٹھانے والوں کو ان کی زبان میں جواب دیا جائے گا مملکت خداداد پاکستان پر رب کائنات کا سایہ ہے یہ ملک تا قیامت قائم ودائم رہے گا ان خیالات کا ممتا زسیاسی وقبائلی شخصیت میر محمد ایوب ابڑو نے اپنے بیان میں کیا ۔

انہوں نے کہاکہ اٹھائیس مئی کو پاکستان ناقابل تسخیر ملک بن گیا اٹھائیس مئی کو چاغی میں پاکستان نے ایٹمی تجربہ کرکے ایٹمی قوت بن کر اپنے دشمنوں کو پیغام دیاکہ اگر کسی نے بھی اس کی طرف میلی آنکھ اٹھانے کی کوشش کی تو اسے نیست ونابود کردیا جائے گا اور اسے دنیا کہ نقشے سے ختم کردیا جائے گا۔