تربت: نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما ، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ، صوبائی صدر سینیٹرکہدہ اکرم دشتی ،مرکزی ترجمان جان محمدبلیدی نے کہاہے کہ نیشنل پارٹی کارکنوں کی جماعت ہے ۔
پارٹی کارکن نڈر اوربہادرہیں،ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں، قومی حقوق کے حصول کی جدوجہد کررہے ہیں کارکن پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اورجسم میں گرم خون کی مانندہیں ،انتخابات کیلئے تاحال حالات سازگارنہیں ہیں ،بعض علاقوں میں خوف کاماحول ہے ۔
انتخابی عمل کوشفاف بنانے کی ضرورت ہے ،شفاف انتخابات وقت وحالات کی ضرورت ہیں ، سیاسی جماعتوں کے ساتھ انتخابی الائنس کی کوشش کررہے ہیں، کارکن وقائدین انتخابی عمل کاآغازکریں بہت جلد پارٹی کے امیدواروں کا اعلان کیاجائے گا ، ان خیالات کااظہار انہوں نیشنل پارٹی کے ضلعی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اجلاس سے ضلعی صدرمحمدجان دشتی، جنرل سیکرٹری حلیم بلوچ، ناظم الدین ایڈووکیٹ ،تحصیل تربت کے صدرفضل کریم، تحصیل تمپ کے صدرمحمدبخش ، تحصیل دشت کے صدر کہدہ عزیزدشتی ، تحصیل کلاتک کے صدر حاجی آدینہ ، تحصیل بلیدہ کے صدر پیربخش ، محمد عظیم ، بی ایس اوپجارتربت زون کے صدر عابد عمر ودیگررہنماؤں نے بھی خطاب کیاجبکہ مرکزی رہنما قاضی غلام رسول بلوچ ،ڈاکٹر نور بلوچ ، واجہ ابوالحسن بلوچ، انجینئرحمیدبلوچ ، منصوربلوچ ودیگررہنما اسٹیج پربیٹھے تھے۔
سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ انتخابی مہم کاباقاعدہ اعلان ہوچکاہے ، کارکن رابطوں کا سلسلہ تیزکریں انہوں نے کہاکہ تربت ومکران میں کبھی بھی پارٹی کوشکست نہیں ہوئی ہے بلکہ ہروقت پارٹی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیاہے ۔
انہوں نے کہاکہ کسی کوبھی پارٹی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے انہوں نے کہاکہ کارکنان فروعی مسائل کوپس پشت ڈال کر الیکشن مہم میں بھرپور حصہ لیں اور قومی وسیاسی حقوق کیلئے اپنا قومی کردار اداکریں ۔
نیشنل پارٹی بلوچستان کے صدرسینیٹر کہدہ اکرم دشتی نے نیشنل پارٹی کی الیکشن مہم کے آغاز کاباقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل پارٹی کمیٹڈ کارکنوں کی جماعت ہے ،پارٹی کے کارکن نڈر اوربہادرہیں انہوں نے ہرمشکل دورمیں قوم کی رہنمائی کرکے مفادپرست عناصرکو شکست دی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی کاایجنڈا قومی ایجنڈا ہے جبکہ مخالفین ذاتی مفادات کے حصول میں سرگرداں ہیں انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی کے کارکنوں کی محنت کی بدولت آج کیچ میں قومی وصوبائی اسمبلی کی نشست کااضافہ ہواہے ،کارکن صفوں کومضبوط کریں اوررابطوں میں تیزی لائیں۔
ہمارا ذاتی ایجنڈا نہیں قومی حقوق کے حصول کی جدوجہد کر رہے ہیں، ڈاکٹر مالک بلوچ
وقتِ اشاعت : May 31 – 2018