|

وقتِ اشاعت :   June 3 – 2018

کوئٹہ: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کوئٹہ میں غیر قانونی ہنڈی اور حوالہ کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے آٹھ ڈیلرز کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار افراد سے 38لاکھ روپے کی پاکستانی اور غیرملکی کرنسی برآمد کرلی گئی۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ہفتہ کو ڈی جی ایف آئی اے بشیر احمد میمن کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان الطاف حسین کی نگرانی میں ایف آئی اے بینکنگ سرکل کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایم خواجہ اور ایس ایچ او محمد عارف بلوچ کی سربراہی میں ٹیم نے کوئٹہ میں علمدار روڈ اور چوہڑپر غیر قانونی ہنڈی اور حوالہ کے مراکز پر چھاپے مارے اور 8 ڈیلرز کو حرست میں لے لیا۔ 

گرفتار کئے گئے افراد میں ابرار، محمد عیسیٰ، کامران علی، داود، بہاؤ الدین، عبدالقدیر، وکیل اور کلیم اللہ شامل ہیں جن کے قبضے سے 38لاکھ روپے کی پاکستانی اور غیرملکی کرنسی بھی برآمد کی گئی۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار افراد کوئٹہ سے افغانستان، ایران، متحدہ عرب امارات اور آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک کو غیر قانونی طریقے سے رقوم بھیجتے اور وصول کرتے تھے۔ گرفتار افراد کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔ 

ایف آئی اے حکام کے مطابق غیر قانونی ہنڈی اور حوالہ کے ذریعے نہ صرف ملکی خزانے کو ٹیکس کی مد میں نقصان پہنچتا ہے بلکہ دہشتگرد اور جرائم پیشہ عناصر بھی اس نیٹ ورک کے ذریعے رقوم کی ترسیل کرتے ہیں۔