خضدار : خضدار اور آواران کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے تقریبا سو سے زائد مسلح افراد ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہو گئے،قومی دھارے میں شامل ہونے والے نوجوان ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں ۔
پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل ہونے والا ملک ہے ہماری آزادی کو کوئی چھین نہیں سکتا،کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی اور برگیڈئیر راحت ملک کا قومی دھارے میں شامل ہونے والوں سے خطاب،ہم غلط راستے پر تھے ورغلائے ہوئے تھے ۔
اب ہم ہماری توجہ ملک کی تعمیر و ترقی اور ایجوکیشن پر ہو گی ہتھیار ڈالنے والوں کی گفتگو،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خضدار قیصر خان ناصر،قائمقام کمانڈنٹ قلات اسکاوٹس لفٹیننٹ کرنل فضل رسول قادری،ایس ایس پی خضدار ضیا ء مندوخیل سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
تفصیلات کے مطابق ضلع خضدار اور ضلع آواران کے مختلف علاقوں سے تقریباً سو سے زائد فراریوں نے ایف سی کیمپ میں کمشنر قلا ت ڈویژن محمد ہاشم غلزئی اور ایف سی سیکٹر کمانڈر ساوتھ برگیڈئر راحمت ملک کے سامنے ہتھیارڈال کر قومی دھارے میں شامل ہو گئے ۔
قومی دھارے میں شامل ہونے والے فراری قومی پرچم ہاتھوں میں تھمائے ہوئے تھے اور پاکستان زندہ باد پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگارہے تھے ہتھیار ڈالنے والوں سے کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی اور ایف سی قلات اسکاؤٹس سیکٹر کمانڈر بریگیڈئر راحت ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کے نام پر قائم ہونے والا واحد ریاست پاکستان ہے جسے اللہ تعالیٰ ایٹمی قوت سے نوازا ہے اور ایٹمی قوت نے ملک کو نا قابل تسخیر بنا دیا ہے ۔
ہم سب مسلمان بھائی بھائی ہیں اور اپنی ملک کی حفاظت کرنا ہمیں اسلامی ورثے میں ملا ہے ہم جانتے ہیں ہمارے نوجوانوں کو ببھٹکایا گیا ہم تمام بھٹکے ہوئے نوجوانوں سے کہتے ہیں کہ وہ قومی دھارے میں شامل ہو کر نہ صرف اپنا قومی فریضہ ادا کریں بلکہ اسلامی فریضہ بھی ادا کر کے پر امن طریقے سے زندگی بسر کریں مسلح افواج کے جوان ملک کی حفاظت کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں اور اس کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں۔
ہتھیار ڈالنے والے فراریوں کا کہنا تھا کہ ہم غلط راستے پر تھے جس کا نقصان ہمیں خود کو ہوا اب ہم اپنی ملک وطن پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بھر پور کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ قلم کو اپنا ہتھیار اور آٰٗئین اپنا کو راستہ بنائیں گے تقریب میں ایف سی پبلک سکول و کالج کے طلباء نے قومی ملی نغمے گائے اور داد وصول کی اختتام پر کوئٹہ میں شہید ہونے والے کرنل سہیل سمیت تمام شہداء کے لئے اجتماعی دعا بھی کرائی گئی۔
خضدار اور آواران سے سو کے قریب مسلح افراد قومی دھارے میں شامل
وقتِ اشاعت : June 3 – 2018