|

وقتِ اشاعت :   June 5 – 2018

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر خودکش حملے کے نتیجے میں تین اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے۔جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔ 

سیکورٹی حکام کے مطابق پیر کو افطاری کے وقت مستونگ سے تقریباً بیس کلومیٹر دور کھڈکوچہ میں کوئٹہ کراچی شاہراہ پرفرنٹیئر کوربلوچستان 86ونگ کی عزیز چیک پوسٹ کے قریب زوردار بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں چیک پوسٹ کو نقصان پہنچا اور وہاں موجودایف سی کے تین اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

دھماکے کے زخمیوں کو مستونگ کو نواب غوث بخش میموریل ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کیلئے کوئٹہ منتقل کیا جائیگا۔شہید اہلکاروں میں ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والا صوبیدار منیر جان، لکی مروت کا رہائشی سپاہی احمد جان اور ڈیرہ بگٹی کا رہائشی سپاہی پرویز احمد شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی شناخت کوہلو کے رہائشی سپاہی نصیر احمد ولدمحمد جان ،لکی مروت کے رہائشی ارشاد ولد مشتاق جان کے نام سے ہوئی ہے۔

ایف سی حکام کے مطابق ایف سی اہلکار چوکی کے اندر افطار کررہے تھے جبکہ ایک اہلکار چوکی کی چھت پر حفاظتی ڈیوٹی پر مامور تھا۔اس دوران خودکش جیکٹیں پہنے دو حملہ آوروں نے چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو حفاظت پر مامور اہلکار نے فائرنگ کرکے ایک حملہ آور کو ہلاک کردیا۔ 

اس کے جسم سے بندھی جیکٹ پھٹ نہ سکی جبکہ دوسرا حملہ آور بھاگ کر چوکی کے پاس پہنچا اور خود کو دھماکے سے اڑادیا۔ دھماکے کے بعد افطار کیلئے رکھا گیا سامان بھی بکھر گیا۔واقعہ کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا جس نے مارے گئے دہشتگرد کی خودکش جیکٹ ناکارہ بنادیا۔ 

دریں اثناء فرنٹیئرکوربلوچستان نے آپریشن ردالفسادکے تحت بلوچستان کے علاقے کوہلو میں کامیاب کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیاہے ۔

فرنٹیئرکور بلوچستان کے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز فرنٹیئر کور بلوچستان نے کوہلو میں دہشت گردوں کے خلاف دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ ایک دہشتگرد زخمی حالت میں گرفتارکرلیاہے ۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد سیکورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر بارودی مائنز کے ذریعے حملوں ،اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری میں ملوث تھے ۔مزیدکارروائی متعلقہ انتظامیہ کررہی ہے۔