|

وقتِ اشاعت :   June 6 – 2018

کوئٹہ: کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی کاغذات نامزدگی حاصل کرنے کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265 کوئٹہ کیلئے 22امیدواران نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے ۔

کاغذات حاصل کرنے والوں میں بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی سعیداحمد ہاشمی ،ان کی اہلیہ سابق مشیر خزانہ ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نواب زادہ حاجی لشکری رئیسانی ،پاکستان تحریک انصاف کے نواب زادہ ہمایوں جوگیزئی ،قاسم خان سوری ،عوامی نیشنل پارٹی کے نواب زادہ ارباب عمر فاروق کاسی ،حاجی محمد اسماعیل گجر ،عاطف علی سنجرانی ،روزی خان کاکڑ سمیت دیگر شامل ہیں ۔

قلات میں قومی اسمبلی کے لیئے تین افراد نے کاغذات نامزدگی فارمز حاصل کیئے جن میں مولانا محمود شاہ آغافضل الرحمان شاہ اور ٹکری شفقت لانگو شامل ہیں جبکہ صوبائی اسمبلی کے لیئے محمد امین حلیمی علی نواز محمد حسنی حبیب خان ٹکری شفقت لانگو اور سردار یاسین لانگو شامل ہیں تاہم کسی ایک بھی امیدوار نے کاغذات نامزدگی واپس جمع نہیں کیا۔

شہید سکندر آباد سوراب سے پہلے روز پی بی 36کے لئے تین امیدوارں پی ایم ایل این کے سینیٹر نوابزادہ میر نعمت اللہ خان زہری کیلئے ان کے نمائندے حاجی عبدالواحدہارونی نے بی این پی کے مرکزی رہنماء سابق صوبائی وزیر میر ظفر اللہ خان زہری کیلئے ان کے نمائندے خلیل میروانی نے اور پی ٹی آئی کے ضلعی صدر عبداللہ علی نے ریٹرننگ آفیسر جوڈیشنل مجسٹریٹ کلیماللہ موسیانی سے کاغذات نامزدگی حاصل کیے ۔

جبکہ دوسرے روز پی بی 36کیلئے قبائلی رہنماء میر شفیق الرحمان مینگل کیلئے ان کے نمائندے میر منظور احمد گرگناڑی نے ریٹرننگ آفیسر جوڈیشنل مجسٹریٹ کلیم اللہ موسیانی سے کاغذات نامزدگی حاصل کیے،پی بی 36 کے لئے چارامیدواروں جے یوآئی کے حافظ محمدابراہیم لہڑی کے لیئے ان کے نمائندے مولوی منیراحمدزہری پی ایم ایل این کے سینیٹرنوابزادہ میر نعمت اللہ خان زہری نے کاغذات نامزدگی حاصل کئے ۔

ڈھاڈرکے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی17کیلئے دوسرے روز نو مختلف قبائلی ،سیاسی رہنماؤں اور انکے نمائندوں نے کاغذات نامذدگی فارم حاصل کیئے جن میں سابق ایم این اے سردار کمال خان بنگلزئی،حاجی میر محمد ہاشم شاہوانی،حاجی منگے خان رائیجہ،میر غلام مرتضیٰ ابڑو،غلام حیدر بنگلزئی،خدائے رحیم بلوچ،غلام رسول لہڑی،وڈیرہ عبدالرشید ابڑو اور مولوی محمد یعقوب کے نام شامل ہیں۔

ضلع چاغی میں الیکشن لڑنے کے خواہشمند امیدواروں نے اب تک 26 نامزدگی فارم حاصل کرلیئے جن میں روایتی سیاسی حریف سخی امان اللہ نوتیزئی اور میر عارف محمدحسنی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق نامزدگی فارم حاصل کرنے والوں میں پی پی پی کے این اے 268 کے مجوزہ امیدوار سردار محمدعمر گورگیج سمیت اعجاز خان سنجرانی، قادر جان محمدحسنی، ضلع کونسل چاغی کے وائس چیئرمین عبدالخالق شیرزئی سمیت متعدد سیاسی شخصیات شامل ہیں تاہم پی ٹی آئی کے پی بی 34 کے لیے مجوزہ امیدوار ملک امان اللہ نوتیزئی اور قومی اسمبلی کے حلقے این اے 268 کے مضبوط سمجھے جانے والے امیدوار سردار فتح محمد محمدحسنی نے تاحال کاغذات نامزدگی حاصل نہیں کی ہے۔

ذرائع کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 08 جون ہے تاہم ابھی تک کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے ہیں. یاد رہے چاغی کی صوبائی اسمبلی کے حلقے پی بی 34 کے لیے کاغذات نامزدگی دالبندین جبکہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 268 کے لیے کاغذات نامزدگی نوشکی میں متعلقہ ریٹرننگ افسران کے پاس جمع کیئے جاسکیں گے۔

تربت میں نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر انجنیئر حمید بلوچ نے پی بی47گوکدان، دشت، مند اور این اے271کیچ کے لیئے نامزدگی فارم جمع کرادیئے، یاد رہے کہ نیشنل پارٹی نے تربت کی چار صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں میں سے تین پر امیدواروں کا اعلان کررکھا ہے جبکہ این اے271اور پی بی47پر پارٹی کی جانب سے امیدوار کا اعلان نہیں کیاگیا ہے۔