کوئٹہ: نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری آج عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق علاؤ الدین مری گورنر ہاؤس کوئٹہ میں جمعہ کی شام پانچ بجے تقریب میں نگراں وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ گورنر محمد خان اچکزئی ان سے حلف لیں گے۔
تقریب حلف برداری میں وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو ،سابق صوبائی وزراء اور اہم سرکاری اور سیاسی شخصیات بھی شرکت کریں گی۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے علاؤ الدین مری کو نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان مقرر کردیا۔
نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان مقرر ہونیوالے علاؤ الدین مری تعلق بلوچستان کے ضلع مستونگ سے ہے۔ علاؤ الدین مری فروری 1979ء میں کوئٹہ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کوئٹہ کے نجی سکول اور کالج سے حاصل کی اور پھر بلوچستان یونیورسٹی سے گریجویشن کیا۔علاؤالدین مری سابق بیورو کریٹ غلام محی الدین مری کے صاحبزادے ہیں۔
ان کے والد محکمہ ترقی و منصوبہ بندی بلوچستان میں چیف اکنامسٹ کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔ علاؤ الدین تاجر ہیں اور پاکستان یورپین بزنس کونسل کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔
سیاستدان کے میدان میں ان کا نام غیر معروف ہے ۔ علاؤ الدین مری مارچ 2018ء کے سینیٹ انتخابات میں ن لیگ کے منحرف ارکان کے اتحاد کے نامزد کردہ آزاد امیدوار تھے تاہم بعد میں انہوں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے تھے۔ ان کی بطور نگراں وزیراعلیٰ کی نامزدگی کی تجویز بھی عبدالقدوس بزنجو نے دی تھی۔
ان کا کا نام عبدالقدوس بزنجو نے تجویز کیا تھا۔چیف الیکشن کمشنرسردار رضا کی سربراہی میں مشاورتی اجلاس ہوا جس میں حال ہی میں تحلیل ہونیوالی بلوچستان اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ کیلئے بجھوائے گئے چار ناموں پر مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں چاروں صوبوں کے ممبران نے شرکت کی۔پارلیمانی کمیٹی کے حکومتی ممبران کی جانب سے کاروباری شخصیت علاؤ الدین مری اور بلوچستان اکنامک فورم کے سربراہ سردار شوکت پوپلزئی جبکہ اپوزیشن ممبران کی جانب سے سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی محمد اسلم بھوتانی اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق سفیر اشرف جہانگیر قاضی کے نام الیکشن کمیشن کو بجھوائے گئے تھے۔
الیکشن کمیشن کے اسلام آباد میں ہونیوالے اجلاس میں کمیشن نے نگراں وزیراعلیٰ کیلئے علاؤ الدین مری کے نام پر اتفاق کیا گیا اور اس کا باقاعدہ اعلان پریس کانفرنس کے ذریعے کیا گیا۔
نامزد نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری نے کہا کہ صاف و شفا ف اور غیر جانب درانہ انتخابات کروانا انکی اولین ترجیح ہے ،عوام کے تعاون سے کامیاب الیکشن کروائیں گے ،کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ ٹرن آؤٹ رہے ۔
یہ بات انہوں نے الیکشن کمیشن سے وزیراعلیٰ نامزد ہونے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ، علاؤالدین مری نے کہا کہ اللہ کا شکر گزار ہوں کہ جس نے اس اہم منصب کے لئے مجھے چنا اور اللہ تعالیٰ سے ہمت کی دعا کہ ہے کہ جو ذمہ داری ملی ہے اسے احسن طریقے سے نبھا سکوں ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نامزد کر نے پر الیکشن کمشن کا بھی شکر گزار ہوں میری پوری کوشش ہوگی کہ اپنے منصب اور فرائض کو غیر جانب داری سے نبھاؤں مجھ پر جو اعتماد کیا گیا ہے اس پرپوار اتروں ۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ الیکشن کمیشن سے بھر پورتعاون کرتے ہوئے پر امن او ر خوشگوار ماحول میں الیکشن کروائے جائیں گے اس سلسلے میں عوام کی مدد بھی درکار ہوگی تاکہ شرپسند عناصر الیکشن سبوتاژ نہ کرسکیں ۔
میں تمام سیاسی جماعتوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ اچھے صاف و شفا ف الیکشن کے انعقاد کے لئے بھر پور کوشش کرونگا ،کوشش ہوگی کہ بلوچستان میں اس بار زیادہ ٹرن آؤٹ آئے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ حق رائے دہی استعمال کرسکیں ۔
علاؤالدین مری بلوچستان کے نگراں وزیر اعلیٰ مقرر
![]()
وقتِ اشاعت : June 7 – 2018