کوئٹہ: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خاران، واشک ،پنجگور ،موسیٰ خیل اور شیرانی کی حلقہ بندیوں پر اعتراضات مسترد کر دیئے جبکہ کوئٹہ کی حلقہ بندیوں پر سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی ۔
الیکشن کمیشن نے بلوچستان کے چار اضلاع کی حلقہ بندیوں پر سماعت کے لیے جاری نوٹسز واپس لے لیے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد میں ضلع خاران، واشک ،پنجگور ،موسیٰ خیل اور شیرانی کی حلقہ بندیوں کے اعتراضات پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پانچوں اضلاع کی حلقہ بندیوں پر اعتراضات مسترد کردیئے۔
علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے کوئٹہ سے بلوچستان اسمبلی کی 9میں سے8نشستوں حلقہ پی بی24،25،26،27،28،29،30 اورحلقہ پی بی 32سے متعلق اعتراضات پر سماعت جمعرات کی صبح تک ملتوی کردی ہے۔
بلوچستان ہائی کورٹ نے کوئٹہ کے ان آٹھ حلقوں کی حلقہ بندی کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کی تھی۔ علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے پنجگور، تربت،کچھی اور جھل مگسی کی حلقہ بندیوں پر سماعت کے لیے جاری نوٹسز واپس لیے ،بلوچستان ہائی کورٹ نے ان حلقوں پر حلقہ بندیاں کالعدم قرار دے رکھی ہیں ،کمیشن نے بلوچستان کی حلقہ بندیوں سے متعلق جھل مگسی، کچھی، تربت اور پنجگور کی سماعت کے لیے گزشتہ روز نوٹسز جاری کیے تھے ۔
حلقہ بندیوں سے متعلق اعتراضات کی سماعت میں چیف الیکشن کمشنرسردار محمد رضا نے ریمارکس دیئے کہ ابتدائی حلقہ بندیوں پر دائر 1285 کیسز پر 24 روز میں فیصلہ دیا ،24 روز میں ایک ایک پٹوار سرکل کی علیحدہ علیحدہ وجوہات لکھیں ،تمام اعتراضات پر مشاورت کی، ہر ایک کو الگ الگ سنا ، انسان کے بس کی بات نہیں پھر بھی ہم نے یہ سب 24 روز کیا،آج بھی اپ کو ہی سننے کے لیے بیٹھے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے5اضلاع کی حلقہ بندیوں پر اعتراضات مسترد کردیئے
![]()
وقتِ اشاعت : June 7 – 2018