|

وقتِ اشاعت :   June 7 – 2018

کوئٹہ: کوئٹہ میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں ایک اہلکار شہید اور چھ زخمی ہوگئے۔کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر انڈسٹریل زون میں رضوان گھی مل کے قریب آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا۔

ہیلی کاپٹر میں بلوچستان کے ضلع کوہلو میں بم دھماکے میں زخمی ہونیوالے ایف سی اہلکار احمد حسین کو طبی امداد کیلئے کوئٹہ لایا جارہا تھا۔ کوئٹہ کے قریب کریش لینڈنگ کے دوران ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا اور اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے کی جگہ کے بالکل قریب فیکٹریاں ،ملز اور رہائشی مکانات بھی واقع ہیں تاہم ہیلی کاپٹر ان کے بالکل قریب ایک خالی پلاٹ میں آگرا۔ حادثے کے بعد آگ کے شعلے اور دھوائیں بادل دور دور تک دیکھے جاسکتے تھے۔ 

سیکورٹی حکام کے مطابق حادثے میں زخمی ایف سی اہلکار شہید ہوگیا جبکہ ہیلی کاپٹر عملے کے دو ارکان سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو شیخ زید ہسپتال اور پھر سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعہ کے بعد پاک فوج، ایف سی اور پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا اور حادثے کی تحقیقات شروع کردیں۔