|

وقتِ اشاعت :   June 7 – 2018

خضدار :  بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی ) کے مرکزی صدر سا بق وفاقی وزیر میر اسرار اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ قوم پرستانہ سیاست کا مقصد اپنے عوام کی خدمت کرنا اور ان کے حقوق کے لئے جد و جہد کرنا ہے ۔

مگر افسوس سابق حکومت نے قوم پرستی کے نام پر کرپشن ،کمیشن ،اور اقربا پروری کو فروغ دیا ،حقیقی قیادت کو بلوچستان سے بے دخل کرنے کی کوشش کی گئی ،سالوں سے ضلع خضدار کے نشست پر قابض پارٹیوں نے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا اور اب موقع عوام کے پاس ہے کہ وہ خضدار کے مستقبل کے لئے ان کا احتساب کریں اور بی این پی (عوامی ) کا ساتھ دیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میر ظفر اللہ زہری کی جانب سے بی ایس او کے سابق مرکزی چیئرمین محی الدین بلوچ کے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے سابق صوبائی وزیر داخلہ میر ظفر اللہ زہری ،محی الدین بلوچ ،ڈاکٹر حضور بخش زہری ،منیر احمد زہری ،حافظ عبدالرازق شاہوانی ،بشیر احمد موسیانی و دیگر نے خطاب کیا ۔

بی این پی کے مرکزی صدر میر اسرار اللہ خان زہری نے اپنے خطاب میں کہا کہ بی ایس او بلوچستان کی سیاست کو قیادت فراہم کرنے والی پہلی درسگاہ تھی اس درسگاہ کی قیادت کرنے والوں کی اکثریت آج بی این پی (عوامی ) میں شامل ہو کر جدو جہد کر رہے ہیں یہ اس بات کی صداقت ہے کہ بلوچستان میں حقیقی قوم پرستی کا تاج بی این پی عوامی کے پاس ہے ۔

ہماری پارلیمانی تاریخ یہ ثابت کر رہی ہے کہ ہم نے بلوچستان بھر میں نوجوانوں کو ملازمتیں دی مگر افسوس سابق حکومت نے بلوچستان کے بے نوجوانوں کو ملازمتیں دینے کے بجائے خالی اسامیوں کو بھی عوام سے چھپائے رکھا جس کی وجہ سے آج لاکھوں کی تعداد میں نوجوان بے روزگار ہیں ۔

ہمیں ان کا احساس ہے اور انشاء اللہ بی این پی عوامی ان تمام نا انصافیوں کا ازالہ کر کے بلوچستان کے نوجوانوں کو روز گار دے گی کرپشن اور کمیشن کا خاتمہ کیا جائے گا میں خضدار کے عوام سے ایک بار پھر یہ اپیل کرتا ہو ں کہ وہ ازمائے ہوئے لوگوں کو دوبارہ ازمانے کے بجائے ان کا احتساب کریں آنے والے انتخابات میں انہیں مسترد کر کے بلوچستان کے حقیقی جماعتوں کو خدمت کا موقع فراہم کریں ۔

2018 کے انتخابات نا انصافیوں کے خلاف عوامی ریفرنڈم ہو گا خضدار ،فیروز آباد ،نال کے عوام کے پاس موقع ہے کہ وہ سالوں سے جاری نا انصافیوں کا سبب بننے والوں کے خلاف فیصلہ دیں مقررین نے محی الدین بلوچ کی بی این پی عوامی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں بی این پی میں شمولیت اختیار کرنے پر مبارکباد دی