راولپنڈی: این اے 59 سے (ن)لیگ کے انجینئرقمرالاسلام نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔
راولپنڈی حلقہ این اے 59 سے (ن) لیگ کے رہنما انجینئر قمر الاسلام نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے ہیں۔ این اے 59 سے چوہدری نثارعلی خان بھی الیکشن لڑ رہے ہیں۔
مسلم لیگ کے رہنما انجینئر قمر الاسلام نے گزشتہ دنوں پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں مسلم لیگ کے قائد میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی تھی اور پارلیمانی بورڈ میں این اے 59 کے ٹکٹ کے لیے درخواست جمع کرائی تھی۔ انجینئر قمر الاسلام پہلے اس علاقے سے رکن پنجاب اسمبلی تھے۔
دوسری طرف چوہدری نثار علی خان نے مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کو ٹکٹ کے لیے سرے سے کوئی درخواست ہی نہیں دی تھی۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ چوہدری نثار آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
این اے 59 سے چوہدری نثار کے مقابلے میں تحریک انصاف کے غلام سرور خان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری کامران اسلم بھی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
چوہدری نثار اور نواز شریف میں اختلافات کھل کر سامنے آچکے ہیں جب کہ شہباز شریف بظاہر چوہدری نثار کو منانے کی کوششیں کرتے نظر آئے ہیں۔
چوہدری نثار نے اپنی ایک سے زائد پریس کانفرنسز اور انٹرویوز میں نواز شریف اور پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ گزشتہ دنوں شہباز شریف نے بھی کہا تھا کہ چوہدری نثار میں بچپنا ہے اور بچے کو منانا پڑتا ہے۔
شہباز شریف کی اس بات کا چوہدری نثار نے کافی برا مناتے ہوئے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ شہباز شریف کو بچپنے اور سنجیدہ عمل میں فرق کا احساس ہی نہیں، بچپنا وہ عمل ہے جو ان کی پارٹی قیادت اس وقت روا رکھے ہوئے ہے جب کہ غیر سنجیدگی یہ ہے کہ بطور پارٹی صدر وہ اس کے مداوے کے لئے کچھ نہیں کر پا رہے۔