کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے 25جولائی 2018ء کے عام انتخابات میں آبائی علاقے آواران کے ساتھ ساتھ کوئٹہ سے بھی بلوچستان اسمبلی کی نشست پر انتخاب لڑنے کا اعلان کیا ہے۔
جمعرات کی صبح انہوں نے ضلعی کچہری میں متعلقہ ریٹرنگ آفیسر سے پی بی 29کوئٹہ چھ کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ چار ماہ کے دوران بلوچستان کی خدمت کا صحیح موقع نہیں ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس بار وہ اپنے آبائی علاقے آواران سے الیکشن لڑنے کے ساتھ ساتھ کوئٹہ سے بھی بلوچستان عوامی پارٹی کے پلیٹ فارم سے انتخاب لڑیں گے۔ کوئٹہ کے عوام نے ہماری پارٹی پر اعتماد کیا اور ہمیں دوبارہ منتخب کیا تو صوبے کی بہتری کیلئے دن رات ایک کردینگے۔
عبدالقدوس بزنجو نے جس حلقے سے انتخاب لڑنے کا اعلان کیا ہے وہ پہلے پی بی فور کہلاتا تھا۔ پرانے پی بی تھری کا ایک بڑا حصہ بھی اب اس حلقے میں شامل ہے۔پی بی 29 کوئٹہ VI مندرجہ ذیل علاقوں پر مشتمل ہوگا۔
غوث آباد سیٹلائٹ ٹاؤن سے ملحقہ حصہ، لنک سریاب روڈ، بلوچستان یونیورسٹی سے دوکانی بابا چوک تک ، نیو اڈہ سیٹلائٹ ٹاون، لیبر کالونی، سیٹلائٹ ٹاؤن بلاک نمبر 2، بلاک نمبر4، سی جی ایس کالونی، زیارت روڈ، ڈبل روڈ اور اس 160سے ملحقہ زرغون روڈ کا ابتدائی حصہ ، رئیسانی روڈ، ارباب کرم خان روڈ ،پودگلی چوک، کلی شیخان، شاہ زمان روڈ، جوائنٹ روڈ، ریلوے ہاؤسنگ سوسائٹی، ریلوے کالونی، دیبہ، سپنی روڈ کا ابتدائی حصہ کرسچن کالونی ، جیل روڈ، منو جان روڈ، نیو نیچاری، سمنگلی روڈ کا شہباز ٹاؤن سے لیکر کرسچن کالونی تک کا حصہ، جناح ٹاؤن، کلی اسماعیل، جی او آر کالونی، کلی شابو اور کلی برات۔
یاد رہے کہ 2013ء کے انتخابات میں عبدالقدوس بزنجو اپنے علاقے آواران میں شورش اور امن وامان کی خراب صورتحال کے باعث صرف 544ووٹ لیکر کامیاب ہوئے تھے۔اب دیکھنا یہ ہے کہ کوئٹہ میں وہ کتنے رائے دہندگان کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔
قدوس بزنجو کا کوئٹہ اور آواران سے الیکشن لڑنے کا اعلان
![]()
وقتِ اشاعت : June 8 – 2018