کابل: افغانستان کے شہر ہیرات میں طالبان کے افغان چیک پوسٹ پر حملے میں 19 افغان اہلکار ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ شب افغانستان کے تیسرے بڑے شہر ہیرات میں واقع افغان فورس کی چیک پوسٹ پر عسکریت پسند طالبان جنگجوؤں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 19 افغان اہلکار ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔ افغان فورسز کی جانب سے جوابی کارروائی میں 8 حملہ آور بھی مارے گئے۔
ترجمان افغان حکومت کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے چیک پوسٹ پر حملہ کردیا تاہم افغان فورسز نے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور 8 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا جب کہ جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد زخمی ہوئے، اس دوران 17 افغان سیکیورٹی اہلکار بھی ہلاک ہوئے، فرار ہونے والے زخمی دہشت گردوں کو جلد تلاش کر کے حراست میں لے لیا جائے گا اور قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
واضح رہے کہ افغانستان کے صدر اشرف غنی کی جانب سے ایک ہفتے کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا گیا ہے جس کے جواب میں طالبان نے بھی عید الفطر کی مناسبت سے یکم شوال سے تین شوال تک سیز فائر کا اعلان کیا ہے۔