فٹ بال ورلڈ کپ 2018 کا بخار سر چڑھ کر بولنا شروع ہو چکا ہے، ساتھ ہی یہ سوال بھی مسلسل زیرگردش ہے کہ اس بار ٹرافی کون اٹھائے گا؟ جواب میں پیش گوئیاں بھی سامنے آنے لگی ہیں۔ایک امریکی ڈیٹا فرم نے برازیل کو ممکنہ فاتح قرار دیا ہے۔
ڈیٹا کی بنیاد پر کھیلوں کا تجزیہ کرنے والی امریکی فرم ’گریس نوٹ‘ نے فٹ بال ورلڈ کپ کے بارے میںپیش گوئیاں کی ہیں۔ فرم کے مطابق برازیل ٹورنامنٹ کی ہاٹ فیورٹ ٹیم ہے اور اس کے ورلڈ کپ جیتنےکے 21 فیصد چانسز ہیں۔
ورلڈ کپ کی دیگر ممکنہ فاتح ٹیموں میں نو فیصد چانس کے ساتھ اسپین دوسرے نمبر پر ہے جب کہ جرمنی اور ارجنٹائن فٹبال ورلڈ کپ 2018 کی ٹرافی اٹھانے والے امیدواروں کی فہرست میں تیسرے نمبرپر ہیں۔
امریکی فرم کا دعویٰ ہے کہ پہلی بار کسی ٹیم کے یہ ورلڈ کپ جیتنے کا بھی ففٹی ففٹی چانس ہے، اس کے لیے پیرو اور کولمبیا فیورٹ ہیں۔
ایک ایک بار ورلڈ کپ کے فاتح رہنے والے فرانس اور انگلینڈ چھ اور چار فیصد امکانات کے ساتھ دوبارہ ورلڈکپ جیت سکتے ہیں۔
ڈیٹا فرم نے بلیجیم اور پرتگال کو بھی ورلڈ کپ جیتنے والی پہلی دس ممکنہ ٹیموں میں شامل کیا ہے۔
فٹبال ورلڈ کپ 2018 کے لیے آفیشل فٹبال پاکستان میں تیار کی گئی ہے۔ ’ٹیل اسٹار 18‘ کا نام دی گئی فٹبال پاکستانی شہر سیالکوٹ میں تیار ہوئی جو روس میں منعقد ہونے والے مقابلوں کے دوران استعمال کی جائے گی۔