ماسکو: فیفا ورلڈ کپ 2018 کے انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں۔ فٹ بال ورلڈ کپ کے لیے اسٹیڈیم مکمل طور پر تیار کر دیے گئے ہیں۔ ساتھ ہی ایک بین الاقوامی ویب سائٹ نے ان کھلاڑیوں کی فہرست شائع کر دی ہے جن کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے مداح شدت سے منتظر ہیں۔
1923 میں شروع ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں 13 ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔ تاہم 2018 میں پونے والے ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی ٹیموں کی تعداد 32 ہے جو دو سال کی کڑی محنت اور مقابلوں کے بعد اس ایونٹ میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔
2018 کی فیفا کی پارٹی روس میں 32 دن تک جاری رہے گی جس میں دنیا بھر کے لوگ شرکت کریں گے۔
ایسے میں ایک بین الاقوامی ویب سائٹ نے ان دس کھلاڑیوں کی فہرست شائع کی ہے جنہیں فٹ بال ورلڈ کپ 2018 میں ایکشن میں دیکھنے کے لیے مداح شدت اور بے صبری سے منتظر ہیں اور سب سے زیادہ امیدیں بھی ان ہی سے وابستہ ہیں۔
اس فہرست میں برازیلین اسٹار نیمار پہلے نمبر پر موجود ہیں جو مارچ میں فرنچ لیگ ون میچ کے دوران زخمی ہوگئے تھے۔ مداح ان کو ایک بار پھر فٹ بال کے پیچھے بھاگتے اور گول کرتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
دوسرے نمبر پر محمد صلاح ہیں جو 52 میچز میں 44 گول کر چکے ہیں۔ مصری کھلاڑی ابھی کندھے کی انجری کا شکار ہیں لیکن ان کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کا حصہ ضرور بنیں گے۔
تیسرے نمبر پر بیلجیئم کے کیون، جب کہ چوتھے نمبر پر یوراگوئے کے ایڈسنسن کیوانی براجمان ہیں۔ پانچویں پوزیشن فرانس کے پال پوگبا کی ہے۔
اس فہرست میں میسی اور رنالڈو کو شامل نہیں کیا گیا ہے کیونکہ سائٹ کے مطابق ان دونوں کھلاڑیوں کے مداحوں کا مقابلہ کرنا تھوڑا مشکل ہے۔
14 جون سے روس میں شروع ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ میں 32 ممالک شریک ہو رہے ہیں۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ سعودی عرب اور روس کے درمیان کھیلا جائے گا۔