ماسکو: فیفا ورلڈ کپ شروع ہونے میں چند دن باقی رہ گئے ہیں ایسے میں ٹورنامنٹ کے مختلف پہلو بھی زیربحث آ رہے ہیں۔ عالمی فٹبال کپ 2018 میں حصہ لینے والے معمر ترین کھلاڑی کی عمر 45 سال ہے اور کم عمر ترین کھلاڑی 19 سال کا ہے۔
مصر کے گول کیپر اعصام الحضری ورلڈ کپ 2018 میں حصہ لینے والے سب سے بڑی عمر کے کھلاڑی ہیں۔ ان کی عمر 45 سال اور پانچ ماہ ہے۔
15 جنوری 1973 کو پیدا ہونے والے اعصام الحضری 1996 سے مصری فٹبال ٹیم کا حصہ ہیں۔ وہ 156 مقابلوں میں مصر کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
فیفا 2018 میں دوسرے معمر ترین کھلاڑی میکسیکو کے 39 سالہ رافیل مارکیز ہیں۔ انہوں نے 1996 میں محض 17 سال کی عمر میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔
آسٹریلیا کے فارورڈ پلئیر ڈینئل ارزانی ورلڈ کپ 2018 میں حصہ لینے والے سب سے کم عمر کھلاڑی ہیں۔ ان کی عمر 19 سال اور پانچ ماہ ہے۔
ڈینئل ارزانی 04 جنوری 1999 کو ایران میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے آسٹریلیا کے لیے انڈر 17، انڈر 20 اور انڈر 23 کی سطح پر نمائندگی کرچکے ہیں۔
ورلڈ کپ 2018 میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی اوسط عمر 28 سال ہے۔ یہ گزشتہ عالمی ٹورنامنٹس کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے ۔