|

وقتِ اشاعت :   June 12 – 2018

خضدار: بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی قائد و PB-39 خضدار،نال سے امیدوار میر اسرار اللہ زہری نے کہا ہے کہ کئی دھائیوں سے خضدار کی نمائندگی کرنے والی جماعتوں کو ان کی نا قص کارکردگی کی بناء پر عوامی نفرت اور ہزیمت کا سامنا ہے۔

الیکشن اتحاد سیاسی عمل کا حصہ ہے لیکن خضدار پر باریاں حاصل کرنے والوں کے مابین اتحاد نہ صرف غیر فطری ہے بلکہ عوامی خواہشات کے برعکس ہے اور ایسے کسی اتحاد کو قطعاً عوامی حمایت اور مقبولیت حاصل نہیں ہوسکتی۔

بی این پی عوامی کے کارکنوں،ہمدردوں اور بہی خواہوں کو چاہےئے کہ وہ بی این پی عوامی کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں۔ وہ گزشتہ روز زہری ہاؤس خضدار میں سینکڑوں افراد کی بی این پی عوامی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ ایک عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

میر اسرار اللہ زہری نے کہا کہ وہ خضدار و نال کے عوام کی خواہش پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں اورانہیں خضدار ونال کے عوام کی جانب سے جو پزیرائی ملی ہے وہ قابل دید ہے۔انہوں نے واضح اور دو ٹوک الفاظ میں اعلان کیا کہ ان کا PB-39 خضدار ،نال سے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ حتمی ہے اور انہوں نے طارق بن ضیاد کی طرح کشتیاں جلاکرانتخابی میدان میں قدم رکھا ہے اب واپسی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اس حوالے سے چہ میگوئیاں بند ہونی چاہئیے۔

انہوں نے کہا کہ بی این پی عوامی مزدوروں،کسانوں،زمینداروں،چھوٹے دکانداروں اور ریڑھی بانوں کی آواز اور ان کی جماعت ہے۔اب کسی کو اجازت نہیں دی جائیگی کہ وہ مظلوم اور پسماندہ عوام کا استحصال کرے یا ان کے حقوق پر ڈاکہ ڈالے۔

انہوں نے کہا کہ بی این پی عوامی معاشرے کے محروم،پسماندہ اور استحصال زدہ طبقات کو سیاسی اور معاشی لحاظ سے طاقتور بنانے کی جدوجہد پر عمل پیرا ہے اور انشاء اللہ عوامی مدد و حمایت سے یہ عظیم جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی۔میر اسراراللہ زہری نے کہا کہ خضدار کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا گیا ہے ۔

آج لوگ پانی کے ایک بوند کے لےئے ترس رہے ہیں جبکہ نوجوان طبقہ بے روزگاری کی وجہ سے مایوسی کا شکار ہے، شہر کا کوئی پرساں حال نہیں اقتدار کے مزے لینے والوں نے ہمیشہ خضدار کے عوام کو اپنے مفادات کے لےئے استعمال کیا۔اب خضدار کے عوام کو موقع ملا ہے کہ وہ اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کا فیصلہ کریں۔

ایک طرف خضدار پر باریاں لیکر حکمرانی کرنے والے مفاد پرست ہیں اور دوسری طرف عوامی خدمت سے سر شار عوام کے حقیقی نمائندے۔عوام کو خود تفریق کرنا ہوگا اور فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ تبدیلی چاہتے ہیں یا آزمائے ہوئے لوگوں کو ایک بار پھر آزمانا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر سینکڑوں افراد نے بی این پی عوامی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے میر اسراراللہ زہری کو یقین دہانی کرائی کہ وہ انتخابات میں بھر پور انداز میں بی این پی عوامی کی نامزد کردہ امیدواروں کو کامیاب بنائیں گے جبکہ بی این پی عوامی کے ضلعی آرگنائزر ڈاکٹر حضوربخش زہری،حاجی نورالدیں چھٹہ و دیگر نے بھی اجتماع سے خطاب کیا۔