|

وقتِ اشاعت :   June 13 – 2018

کوئٹہ: ڈیرہ بگٹی سے بلوچستان اسمبلی کی نشست پر امیدوار سابق صوبائی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کے کاغذات نامزدگی اعتراض پر شواہد نہ ملنے کے باعث درست قرار پائے گئے اور منظور کرلئے گئے ۔

اس سے قبل سرفراز بگٹی نے تصدیق کی تھی کہ جانچ پڑتال کے عمل کے دوران ریٹرننگ آفیسر نے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے ہیں۔سرفراز بگٹی نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 10ڈیرہ بگٹی پر اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

جانچ پڑتال کے عمل کے دوران گہرام بگٹی اور دیگر مخالف امیدواروں نے160ریٹرننگ آفیسر اسد اللہ اچکزئی کے پاس اعتراض جمع کرایا تھا کہ سرفراز بگٹی نے کاغذات نامزدگی کے ساتھ جمع کرائی گئیں اثاثوں کی تفصیل میں اپنی ایک فیکٹری ظاہر نہیں کی۔

سرفراز بگٹی نے ریٹرنگ آفیسر کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد اس فیصلے کو الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کرنے کا اعلان بھی کیا تھا تاہم کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی خبر سامنے آنے کے چند گھنٹے بعد ہی ریٹرننگ آفیسر جوڈیشل مجسٹریٹ ڈیرہ بگٹی اسد اللہ خان اچکزئی کی جانب سے تحریری طور پر بتایا گیا کہ ”سرفراز بگٹی کے کاغذات نامزدگی جانچ پڑتال کے بعد درست قرار پائے گئے اور منظور کرلئے گئے۔

”کاغذات نامزدگی منظور ہونے پر سرفراز بگٹی نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین کی جانب سے اثاثے چھپانے کا غلط الزام لگایا گیا۔ ریٹرننگ آفیسر نے کاغذات نامزدگی مسترد نہیں کیے اور معاملے کو التواء میں رکھا تھا۔ ثبوت اور شواہد نہ دینے پر فیصلہ میرے حق میں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں شکست مخالفین کی مقدر ہے۔ دوبارہ کامیاب ہوکر عوام کی خدمت جاری رکھوں گا۔

واضح رہے کہ پی بی 10 پر سرفراز بگٹی کے مدمقابل سابق رکن صوبائی اسمبلی طارق مسوری بگٹی، نواب بگٹی کے پوتے بگٹی قبیلے کے سربراہ نواب عالی بگٹی،نواب بگٹی کے پوتے نوابزادہگہرام بگٹی، ان کے بھائی نوابزادہ شاہ زین بگٹی اور احمد جان کلپر بگٹی جیسے مضبوط امیدواروں نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔