|

وقتِ اشاعت :   June 14 – 2018

تربت: نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے نیشنل پارٹی کی انتخابی مہم کے آغاز کاباقاعدہ کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے اپیل کی کہ بلوچستان بالخصوص مکران میں غیرجانبدارانہ اورشفاف الیکشن کے انعقاد کویقینی بنائے ، اسٹیبلشمنٹ نے اگر عوامی رائے پر شب خون مارنے اور غیرسیاسی قوتوں کومسلط کرنے کی کوشش کی توپھرمزاحمت کی جائے گی۔

میر اصغررند کے گھرپراور میر حمل بلوچ کے قافلہ پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں،نیشنل پارٹی دیگر سیاسی جماعتوں سے سیٹ ٹوسیٹ ایڈجسٹمنٹ کی خواہاں ہے اگرکسی پارٹی نے مثبت جواب دیا تواس کے ساتھ بیٹھیں گے اگرکوئی کسی خوش فہمی میں مبتلارہا تو بھرپور انتخابی مہم کے ذریعے اسے شکست سے دوچارکردیں گے، ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کے روز سرکٹ ہاؤس تربت میں میڈیا بریفنگ میں کیا۔

ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ عموماً نیشنل پارٹی انتخابی مہم کاباقاعدہ اعلان نہیں کرتی کیونکہ نیشنل پارٹی مخلص ونظریاتی کارکنوں کی منظم سیاسی پارٹی ہے جو جنرل الیکشن کے بعد اگلے الیکشن کی تیاری شروع کردیتے ہیں مگر چونکہ الیکشن مہم کارسمی اعلان بھی ضروری ہے اس لئے آج نیشنل پارٹی اپنی انتخابی مہم کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے بھرپور اندازمیں مہم چلائے گی ۔

انہوں نے کہاکہ 2013ء کے الیکشن میں کامیابی کے بعدہمیں بڑے بڑے چیلنجز کاسامنا تھا ، اس وقت صورتحال انتہائی دگرگوں تھی امن وامان نہ ہونے کے برابرتھی ، مخالفین کی منفی پروپیگنڈے اپنی جگہ مگرہمیں خاطرخواہ کامیابی حاصل ہوئی، امن وامان کی صورتحال کوبہتربنایا ،تعلیم ،صحت کے شعبے میں کافی کام کیا ، ترقی کاعمل جو مکمل طورپر رک گیاتھا دوبارہ شروع کیا۔

انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی کاانتخابی منشور تیارکرلیاگیاہے جس میں امن وامان ،تعلیم ، صحت ، زراعت کے شعبوں کی بہتری، نوجوانوں،لیبر اورخواتین کی ایمپاورمنٹ کوترجیحات میں رکھاگیاہے ۔

انہوں نے کہاکہ جنرل الیکشن کے حوالے سے ہمیں 2بڑی مشکلات کاسامنا ہے پہلی ملیٹینٹ گروپ دوبارہ فعال ہورہے ہیں اور گزشتہ روز بی این پی عوامی کے میر اصغررند کے گھرپر اور بی این پی مینگل کے میرحمل بلوچ کے قافلے پرحملہ کیاگیا جوانتہائی قابل مذمت ہیں جس کے خلاف تمام سیاسی قوتوں کو متحدہوکر آوازبلندکرنا چاہیے جبکہ دوسری مشکل چند قوتوں کی آشیرباد سے غیرسیاسی قوتوں کو عوام پرمسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

اگریہ کوشش ترک نہ کی گئی توپھرمزاحمت کریں گے ، انہوں نے کہاکہ پرامن وسازگار الیکشن ماحول کے قیام اور غیرجانبدارانہ وشفاف الیکشن کے انعقادکویقینی بنانے کیلئے نگران حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان موثر اقدامات اٹھائے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں نگران حکومت کی تشکیل چونکہ آئینی تقاضوں کے مطابق الیکشن کمیشن نے کی ہے اس لئے ہم اس کو دیکھ رہے ہیں اگر غیرجانبداری برقرار رکھی تو صحیح ہے وگرنہ مزاحمت کریں گے۔

نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر سینیٹرکہدہ محمد اکرم دشتی نے کہاہے کہ بلوچستان میں مقبول سیاسی جماعتوں کا راستہ روکنے کیلئے جوکھیل کھیلاجارہاہے اس کے منفی نتائج برآمدہوں گے ، کیونکہ بلوچستان ماس پاپولر پارٹی نیشنل پارٹی ہے جبکہ بی این پی عوامی، بی این پی مینگل اورجمعیت بھی عوام میں مقبولیت رکھتے ہیں مگر سیاسی جماعتوں کا راستہ روک کرکسی اورمخلوق کو مسلط کرنے کی سازش رچائی جارہی ہے جسے عوام کسی صورت قبول نہیں کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ عام انتخابات کے دوران امن وامان برقرار رکھنا اور خوف وہراس کے ماحول کوختم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ، گزشتہ روز تربت میں2ناخوشگوار واقعات رونماہوئے ہیں آئندہ اس طرح کے واقعات کاتدارک نہ ہوا تو الیکشن مشکوک ہوں گے۔

نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن ،قومی اسمبلیNA-271کیچ کے امیدوار واجہ ابوالحسن بلوچ نے کہاکہ نیشنل پارٹی قومی اور وطنی سوچ کے تحت سیاست اور الیکشن میں حصہ لے رہی ہے تاکہ بلوچ اوربلوچستان کے وسائل کاتحفظ کیاجاسکے ،ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ جب وزیراعلیٰ تھے تو انہوں نے سیندک ، ریکوڈک ودیگروسائل کے تحفظ کیلئے ہرفورم پر آواز پرکوشش کی جس میں ایک حدتک کامیابی بھی ملی ۔

گوادرمیں بڑے پیمانے پر اراضی کوبچایا ، تعلیم کی بہتری کیلئے موثراور عملی اقدامات اٹھائے تعلیمی بجٹ کو4سے24فیصدکرلیاگیا، انہوں نے کہاکہ میں قومی اسمبلی کے امیدوارکی حیثیت سے تمام باشعور ،تعلیم یافتہ عوام سے اپیل کرتاہوں کہ وہ کارکردگی، کردار ، ایمانداری کے حوالے سے نیشنل پارٹی کاساتھ دیں ، نیشنل پارٹی کے امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہPB-46کیچIقاضی غلام رسول بلوچ نے کہاکہ نیشنل پارٹی کی جدوجہد معاشی وسماجی تبدیلی اورمعاشرے سے ہرقسم کے گندگی کی خاتمہ کیلئے ہے ۔

الیکشن میں حصہ لینے کی سب سے بڑی وجہ بھی یہی ہے کہ بلوچستان کے وسائل کی لوٹ مار کاتدارک کیاجاسکے،بلوچستان کاسب سے بڑامسئلہ معاشی ہے ،بلوچستان معدنی وقدرتی وسائل سے مالا مال ہے مگر عوام بدحال اورغربت کی لکیرسے نیچے زندگی گزاررہے ہیں۔

پسماندگی اوربیماریوں کی آماجگاہ بناہوا ہے ، بلوچستان کے عوام کوبہترزندگی دینے، تعلیم وصحت کی سہولیات بہم پہنچانے نیشنل پارٹی کوشاں ہے انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی کی کارکردگی سب کے سامنے ہے جسے بیان کرنے کی محتاج نہیں اس کارکردگی کے تسلسل کو آگے بڑھانے اور اسے وسعت دینے کیلئے انتخابات میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں ۔

انشاء اللہ 25جولائی کو عوام اپنے ضمیرکے مطابق فیصلہ کرکے نیشنل پارٹی کوبھاری کامیابی دلائیں گے ، نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدربرائے سندھ انجینئر حمیدبلوچ نے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ بلوچستان کے معاملات میں مداخلت سے بازرہے جمہوریت کوپنپنے دیاجائے ۔

نیشنل پارٹی جمہوری جدوجہد پریقین رکھتی ہے اورجمہوری قوتوں کے ساتھ ہے انہوں نے کہاکہ عوام فصلی بٹیروں اورموسمی پرندوں کومستردکرکے سیاسی ورکروں کو آگے آنے کاموقع دیں۔