لندن: داعش نے فٹبال ورلڈ کپ پر حملوں کی تازہ ترین دھمکی دے دی۔
فیفا ورلڈ کپ کا جمعرات کو روس اور سعودی عرب کے درمیان میچ سے آغاز ہوچکا ہے، ایونٹ کے حوالے سے پہلے سے ہی کئی خدشات ظاہر کیے گئے تھے جس کی وجہ سے سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں، اب داعش نے میگا ایونٹ پر حملوں کی تازہ ترین دھمکی دے دی اور اس حوالے سے چند پوسٹرز بھی جاری کیے گئے ہیں۔ ان میں سے ایک تصویر میں سوچی کے ایک اسٹیڈیم کو شعلوں میں گھرا ہوا دکھایا گیا۔
ایک جگہ پر فرنچ زبان میں لکھا گیا کہ ’’ ان سب کو قتل کردیں گے‘‘ ساتھ میں ٹورنامنٹ کے ایک لوگو کو چھری سے2 ٹکڑے کرتے ہوئے دکھایا گیا، پس منظر میں ایک اور روسی اسٹیڈیم موجود ہے۔ تیسری تصویر میں ایک مسلح شخص کو دکھایا گیا جس کا کیپشن تھا کہ ’ دہشت کا آغاز ہوا چاہتا ہے‘۔ چوتھے میں 2013 کی بوسٹن میراتھن میں ہونے والے بم دھماکے کا کلپ شامل ہے۔
یاد رہے کہ مئی میں بھی اسی تنظیم کی جانب سے ایک خوفناک پوسٹر جاری کیا گیا تھا جس میں نامور فٹبالرز لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو کے سر تن سے جدا کرتے ہوئے دکھایا گیا، اس میں دونوں اسٹارز گھٹنوں کے بل نیچے بیٹھے ہوئے جبکہ ان کے سروں پر 2افراد تلواریں لیے موجود تھے۔ اس کے ساتھ کیپشن تھا کہ ہم اسٹیڈیم کو تمھارے خون سے بھر دیں گے۔ ایک جگہ پر تنظیم کی جانب سے یہ بھی پیغام دیا گیا کہ ’فیفا ورلڈ کپ 2018 جس میں کامیابی ہماری ہوگی‘۔
یاد رہے کہ دنیا بھر سے بڑی تعداد میں شائقین روس آرہے ہیں، میزبان ملک کی جانب سے ایونٹ کے پُرامن انعقاد کیلیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔