|

وقتِ اشاعت :   June 15 – 2018

سعودی عرب سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں آج عید الفطر نہایت عقید ت واحترام کے ساتھ منائی جارہی ہے کینیڈین و برطانوی وزیر اعظم  سمیت دنیا بھر کے رہنماؤں نے تمام اہل اسلام کو عید کی بہت بہت مبارک دی ہے۔

کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈواپنے دل میں مسلمانوں کے لیے نرم گوشہ رکھتے ہیں اور ہر سال مسلمانوں کے مذہبی تہواروں رمضان المبار ک اور عید کے موقع پر کینیڈاسمیت پوری دنیامیں موجود مسلمانوں کو مبارکباد دینا نہیں بھولتے۔ جسٹن ٹروڈو نے اس بار بھی ویڈیو پیغام کے ذریعےعید الفطرکی مبارکباد دی ہے۔ کینیڈین وزیر اعظم نے اپنے ویڈیو پیغام کاآغاز حسب روایت’اسلام و علیکم‘سے کیا اور کہا کہ آج کینیڈاسمیت دنیا بھر کے  مسلمان عید الفطر منارہے ہیں۔ عید الفطر کا تہوار رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے اختتام پر آتا ہے ۔ جسٹن ٹروڈو نے اپنی ، اپنی فیملی اور اپنی اہلیہ کی جانب سے تمام مسلمانوں کو عید کی بہت بہت مبارکباد دی۔

برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے بھی عیدالفطر کے موقع پر تمام مسلمانوں کو ویڈیو  پیغام کے ذریعے عید کی مبارکباددی۔ انہوں نےٹوئٹر پر کہا رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے اختتام پر تمام دوست احباب، رشتے دار اور ہمسائے ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں۔ برطانیہ سمیت دنیا بھر کے مسلمان آج عید منارہے ہیں،  برطانیہ میں مقیم تمام لوگ مسلمانوں کے تہوار میں ان کے ساتھ ہیں اس کے ساتھ انہوں نے کہا برطانیہ کی ترقی میں یہاں موجود مسلمانوں کی خدمات فراموش نہیں کرسکتے۔ ہمیں برطانیہ میں مقیم مسلمانوں پر فخر ہے۔

لندن کے میئرصادق خان نے بھی تمام مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد دی اور کہا یہ سال کافی مشکلوں بھرا رہا ہے لیکن میں نے اپنے روزے یہاں مقیم مسلمانوں کے ساتھ افطار کیے اور ان لمحات کا بے حد لطف لیا۔

امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے بھی ٹوئٹر پر تمام مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دی اورکہا میری طرف سے میرے تمام مسلمان دوستوں اورساتھیوں جو عید الفطر منارہے ہیں کو نیک تمنائیں میری دعاہے کہ اگلا سال  امن  اور خوشحالی لے کر آئے۔’عید مبارک‘۔