اسٹار فٹبالر لیونل میسی کی ورلڈ کپ میں بھیانک غلطی کے سبب ارجنٹائن کی ٹیم پہلی کامیابی سے محروم ہو گئی اور آئس لینڈ اور ارجنٹائن کے درمیان میچ 1-1 گول سے برابر رہا۔
ورلڈ کپ کے تیسرے دن کا دوسرا میچ ماسکو کے اسپارٹک اسٹیڈیم میں ارجنٹائن اور پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کھیلنے والی آئس لینڈ کے درمیان کھیلا گیا۔
میچ کے لیے ارجنٹائن کی ٹیم کو واضح فیورٹ تصور کیا جا رہا تھا اور اگویرو نے میچ کے 19منٹ میں گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو برتری دلا کر یہ ثابت کردیا۔
تاہم 4منٹ بعد ہی الفریڈ فنن بوگاسن نے آئس لینڈ کے لیے ورلڈ کپ کی تاریخ کا پہلا گول کرنے کا اعزاز حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ مقابلہ بھی برابر کردیا۔
اس کے بعد ارجنٹائن نے دوبارہ برتری حاصل کرنے کی کافی کوشش کی لیکن میچ کے پہلے ہاف کے اختتام تک وہ اس میں کامیاب نہ ہو سکے اور مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا۔
میچ کے دوسرے ہاف میں بھی ارجنٹائن کی ٹیم چھائی رہی اور اس نے گول کے حصول کے لیے کافی کوششیں کی جس کے نتیجے میں 63ویں منٹ میں آئس لینڈ کے دفاعی کھلاڑی کی غلطی کی وجہ سے ریفری نے ارجنٹائن کو پینالٹی ایوارڈ کر دی۔
ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے خود پینالٹی مارنے کا فیصلہ کیا لیکن اسٹیڈیم میں موجود شائقین اس وقت دم بخود رہ گئے جب دنیا کے سب سے امیر فٹبالر اور سپر اسٹار ایک 34سالہ گول کیپر اور پارٹ ٹائم فلم ڈائریکٹر کے خلاف گول کرنے میں ناکام رہے۔
اس کے بعد دو مرتبہ کی سابقہ عالمی چیمپیئن نے حریف پر مزید دباؤ بڑھا دیا لیکن انتہائی کوشش کے باوجود وہ مزید کوئی گول اسکور نہ کر سکے۔
ارجنتائن کی جانب سے میسی کی کاوشوں کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ میچ میں انہوں نے 13مرتبہ حریف ٹیم کے گول کو ٹارگٹ کیا لیکن ایک مرتبہ بھی گیند کو جال میں نہ پہنچا سکے۔