|

وقتِ اشاعت :   June 19 – 2018

فیفا ورلڈ کپ میں شریک ایشین سپر پاور ٹیم جاپان نے میگا ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کیا ہے۔

جاپان نے روس میں جاری فٹبال ورلڈ کپ میں اپنے پہلے میچ میں فیورٹ کولمبیا کو ایک کے مقابلے میں دو گولز سے شکست دے دی۔

گروپ ایچ کے میچ میں جاپان اور کولمبیا مدمقابل آئے تاہم کھیل کے تیسرے ہی منٹ میں کولمبیا کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب ریفری نے جاپان کے کھلاڑی شنجی کاگاوا کا شاٹ اپنے ہاتھ سے روکنے پر کولمبیا کے اہم مڈفیلڈر کارلوس سینشز مورینو کو ریڈ کارڈ دکھا کر گراؤنڈ سے باہر بھیج دیا گیا۔

1986 ورلڈ کپ کے بعد یہ کسی کھلاڑی کو دکھایا جانے والا تیز ترین ریڈ کارڈ ہے جو کھیل کے تیسرے ہی منٹ میں دکھایا گیا۔ 1986 میں کھیل کے 54 ویں سیکنڈ میں یوروگوائے کے جوز البرٹو بتیستا کو ریڈ کارڈ دکھایا گیا تھا۔

کارلوس سینشز کو ریڈ کارڈ دکھائے جانے کے بعد کولمبیا کو بقیہ پورا میچ 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا اور اس کا بھرپور فائدہ جاپان نے اٹھایا۔

کارلوس سینشز کے ریڈ کارڈ کے عوض جاپان کو پینلٹی کک دی گئی جس پر جاپانی مڈفیلڈر شنجی کاگاوا نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلادی۔ یہ گول کھیل کے چھٹے منٹ میں ہوا۔

ابتدائی طور پر دھچکا لگنے کے باوجود کولمبیا کے کھلاڑیوں نے ہمت نہیں ہاری سخت محنت جاری رکھی جس کا صلہ انہیں 39 ویں منٹ میں مل گیا جب مڈفیلڈر یوآن فرنینڈو کوئنٹیرو فری کک پر گول کرکے جاپان کی سبقت ختم کردی، ہاف ٹائم تک مقابلہ 1-1 سے برابر رہا۔

کھیل کے 70 ویں منٹ میں جاپان نے مڈفیلڈر شنجی کاگاوا کی جگہ تجربہ کار کھلاڑی کیسوکے ہونڈا کو طلب کیا جنہوں نے 73 ویں منٹ میں اسٹرائیکر یویا اوساکو کو بہترین پاس دیا جسے انہوں نے گول میں تبدیل کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں کی۔

اس گول کے ساتھ جاپان کی برتری 1-2 ہوگئی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی اور جاپان یہ میچ جیت کر تین پوائنٹس کا حقدار ٹھہرا۔