مصر کی جانب سے محمد صلاح نے 28 سال بعد ورلڈ کپ میں گول تو کردیا لیکن وہ ٹیم کو میزبان روس کے ہاتھوں شکست سے نہ بچا سکے۔
روس میں کھیلے جانے والے فیفا ورلڈ کپ میں روس نے مصر کو 3-1 سے شکست دے کر ناک آؤٹ راؤنڈ میں اپنی جگہ تقریباً یقینی کر لی ہے۔
روس جس نے اپنے پہلے میچ میں سعودی عرب کو پانچ صفر سے شکست دی تھی میچ کے شروع ہی سے اس عزم کے ساتھ کھیلا کہ اس کا فیفا ورلڈ کپ میں سفر کافی باقی ہے۔
پہلا ہاف بغیر کسی گول کے رہا اور دوسرے ہاف میں مصر کے احمد فتحی نے اپنا ہی گول کیا جس کے بعد روس نے یکے بعد دیگرے دو مزید گول کر دیے۔
محمد صلاح کو روسی کھلاڑی یوری زرکوف نے پوری طرح سے گھیرا ہوا تھا۔ صلاح کو 70 منٹ لگے ورلڈ کپ میں اپنا پہلا گول کرنے کے لیے۔
محمد صلاح پوری طرح فٹ نہیں تھے اور یہ بات پیر ہی کو اس وقت سامنے آئی جب وہ ورزش کرتے ہوئے اپنے بائیں کندھے کو ہلا رہے تھے۔
روس کے خلاف میچ میں یہ بات سامنے آ گئی کہ 26 سالہ صلاح نے میچ کے پہلے 30 منٹ تک فٹ بال کو چھوا بھی نہیں اور جب ان کے پاس گیند آئی بھی تو وہ ہچکچائے اور جس کے باعث ان سے گیند چھن گئی۔
مصر کے کوچ کے پاس صلاح کو یہ میچ کھلانے کے علاوہ کوئی اور آپشن بھی نہیں تھا اور صلاح ان کا ترپ کا پتا تھا جو وہ نتائج نہ دے سکا جن کی کوچ کو امید تھی۔
جاپان کے ہاتھوں شکست
گروپ ایچ میں جاپان نے کولمبیا کو 2-1 سے شکست دے کر حیران کر دیا اور پہلی ایشیائی ٹیم بن گئی ہے جس نے ورلڈ کپ میں جنوبی امریکی ٹیم کو شکست دی۔
لیکن صرف یہ ہی بات میچ کی اہم نہیں تھی بلکہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں کسی بھی میچ میں اتنی جلدی ریڈ کارڈ کسی کو نہیں دکھایا گیا جتنا جلدی منگل کو کولمبیا کے کھلاڑی کارلوس سانچیز کو دکھایا گیا۔
جاپان اور کولمبیا کا میچ تیز شروع ہوا اور چند ہی منٹ میں کارلوس کو ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا اور جاپان کو پنلٹی دے دی گئی جس پر اس نے پہلا گول کیا۔
اگرچہ کولمبیا نے پہلے ہی ہاف میں ایک گول کر کے میچ برابر کر دیا لیکن جاپان نے میچ کے 73 ویں منٹ میں گول کر کے جاپان کو برتری دلا دی جو آخری وقت تک رہی۔
سینیگال کی جیت
گروپ ایچ ہی کے میچ میں سینیگال نے پولینڈ کو دو ایک سے شکست دی۔ اس فیفا ورلڈ کپ میں سینیگال پہلی افریقی ٹیم بن گئی ہے جس نے میچ جیتا ہے۔