|

وقتِ اشاعت :   June 21 – 2018

خضدار: مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماء چیف آف جھالاوان سابق وزیراعلیٰ بلوچستان و پی بی 38این اے 269 سے نامزد امیدوار نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ حق اور باطل کے مابین معرکہ ہونے جارہاہے اور اس کا فیصلہ حق پر ہونا چاہیے ۔

سردار اخترمینگل نے ہمیشہ اپنے آپ کو جمعیت کے لبادے میں چھپا رکھا ہے ،40سال سے اسٹیبلشمنٹ کو پنپنے کا موقع فراہم کرنے اور پالنے والے یہی رہنماء ہیں ،عدم اعتماد کے لئے عبدالقدوس بزنجو کے دستخط کے بعد سرداراختر مینگل کاپہلا دستخط تھا ،یہ سب کچھ عوام کے سامنے آئینے کی طرح ظاہرہ ہوچکے ہیں۔

جھالاوان کے لوگ غیرت مند اور اقدار کے محافظ ہیں ،مینگل قوم سے اپیل کرونگا کہ وہ ایسے لوگوں کے ڈھکوسلے میں نہ آئیں کہ جو عوام کو ہمیشہ اپنے مفادات کے لئے استعمال کرتے رہے ہیں ، وڈھ سرداری شہر آپ کے سامنے ہے آج تک وڈھ شہر کے عوام تمام بنیادی سہولتوں اور پینے کا صاف پانی سمیت دیگر زندگی کی بنیادی سہولیات میسر نہیں ہیں ، جب کہ آپ میرے حلقے کا دورہ کریں جہاں بڑے تعلیمی ادارے بن گئے ہیں ، ڈیمز ، صحت کے مراکز بن چکے ہیں۔

نیشنل پارٹی کے ساتھ ہماری نیچرل دیرینہ سیاسی رفاقت ہے ، اور سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کے حوالے سے نیشنل پارٹی سے بات چیت چل رہی ہے ، بہت جلد ہم فارمولا بنا کر اتحاد کی جانب پیش رفت کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے خلق جھالاوان خضدار میں نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء و پی بی 39خضدار نال سے نامزد امیدوار سردار محمد اسلم بزنجو کے ہمراہ مشترکہ میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ا س موقع پر نیشنل پارٹی کے صوبائی رہنماء و میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد مسلم لیگ (ن) خضدار کے صدر میر عبدالرحمن زہری ، عید محمد ایڈوکیٹ ، چیئرمین عبدالحی زہری ، ثناء اللہ زہری ،جمیل احمد زہری ،ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین خضدار عبدالحمید بلوچ ، نیشنل پارٹی ضلع خضدار کے صدر رئیس بشیراحمد مینگل ، ولید بزنجو ودیگر رہنماء وکارکنان کی کثیرتعداد موجود تھی ۔ 

چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ ہم جمہوری لوگ ہیں اور ہمیشہ جمہوریت سیاست اور آئین کی بالادستی کے لئے جدوجہد کرتے رہے ہیں ، استحکام جمہوریت ہماری منزل رہی ہے ۔ تاہم جو اپنے آپ کو قوم پرست کہہ رہے ہیں وہ قوم پرست نہیں بلکہ قوم پرستی کے نام پر عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں ۔

قوم پرست یہ نہیں ہوتاہے کہ وہ اسٹبلشمنٹ کو سپورٹ کرے اور اسی کی بیساکھیوں پر اقتدار تک رسائی حاصل کرلے ، آج سوشل میڈیا کا دور ہے اس طرح کی سیاسی شعبدہ بازیوں کو عوام اچھی طرح جانتی ہے اور ایسے سیاسی دھوکہ بازی سے عوام کو ورغلایا نہیں جاسکتاہے،سوشل میڈیا پر ایک بیٹی کی تحریر نظر سے گزری جس نے سردار اختر مینگل کی حقیقت کو صحیح معنوں میں عیاں کی تھی ، کہ وہ جو سیاست عوام کو دکھانے کے لئے کرتے ہیں پس پردہ ان کے عزائم وہ نہیں بلکہ کچھ اورہوتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ یہ حق اور باطل کا معرکہ ہے اور عوام کو چاہیئے کہ وہ باطل کو مسترد کرتے ہوئے حق کا فیصلہ کرکے اس طرح کے شعبدہ بازوں سے اپنادامن چھڑادیں ۔سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ جمعیت علمائے اسلام ایک جانب وفاق میں چار وزارتوں کے مزے لوٹ رہی تھی اور دوسری جانب میری حکومت کے خلاف وہ عدم اعتماد کا حصہ بھی بن رہی تھی ، آج بھی سردار اختر مینگل اپنے آپ کو جمعیت کے لبادے میں چھپا کر ووٹ حاصل کررہے ہیں ۔

یہ لوگ اپنے آپ کو اپوزیشن ظاہر کررہے تھے ، جب عبدالقدوس بزنجو کو اعتماد کے ووٹ کی ضرورت درپیش آئی تو یہی لوگ اعتماد کا ووٹ دینے کے لئے سامنے آئے،40سال سے اسٹیبلشمنٹ کو طاقت بخشنے والے بھی یہی لوگ ہیں اب یہ عوام کو بے وقو ف نہیں بناسکتے ہیں ۔

عوام کو چاہیئے کہ وہ ان کی اصلیت کو پہچان کر انہیں مسترد کردیں ،نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق صوبائی وزیر و پی بی 39کے نامزد امیدوار سردار محمد اسلم بزنجو نے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماء نواب ثناء اللہ خان زہری سے الیکشن اتحاد کے حوالے سے نشست ہوئی ہے ، اور اس حوالے مثبت پیش رفت بھی ہورہی ہے ۔

ہماری کوشش ہے کہ ضلع کی سطح پر گرینڈ الائنس بناکر الیکشن میں مشترکہ طور پر مخالین کا مقابلہ کرلیں ، 28جون سے قبل عوام کو اس حوالے سے خوشخبری دیں گے ، الیکشن کا میدان کسی کے لئے خالی نہیں چھوڑیں گے اور مخالفین کا بھر پور مقابلہ کیا جائیگا ۔