|

وقتِ اشاعت :   June 22 – 2018

خضدار : بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی سربراہ و بلوچستان اسمبلی کے حلقہ 39 خضدار, نال و پی بی 38 زہری،مولہ و کرخ سے امیدوار میر اسراراللہ زہری نے کہا ہے۔

کہ تنازعات کا شکار ہوئے بغیر امن،ترقی و خوشحالی کا راستہ اپنانا ہوگا،جھالاوان آج ایک اہم موڑ پر ہے باشعور طبقہ اپنے فیصلے سے تاریکی کو روشنی اور بد حالی و پسماندگی کو آسودگی اور خوشحالی میں بدل سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز الیکشن مہم کے دوران خضدار کے مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے کیا۔

انہوں نے کہا کہ25جولائی کو ہمیں اپنے راستے کا تعین کرنا ہوگا،ہمارے بچوں کا مستقبل عوام کے اجتماعی فیصلے پر منحصر ہے۔اگر عوام نے ترقی وخوشحالی کا راستہ اپنایا تو جھالاوان امن کا گہوارہ بن جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ خضدار کے عوام نے بہت دکھ اٹھائے ہیں ہم اپنی سوچ میں تبدیلی لاکر ماؤں بہنوں کی دکھوں کا مداوا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جھالاوان کے عوام نے مختلف نظریات کے لےئے قربانی دیکر اپنا حق ادا کردیا ۔

اب ہمیں آنے والے انتخابات میں سیاسی و قبائلی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر جھالاوان کی بہتر مستقبل کے لےئے ووٹ ڈالنا ہوگا۔میر اسراراللہ زہری نے کہا کہ سیاسی و قبائلی تنازعات کی وجہ سے معاشرے میں انتشار اور بگاڑ پیدا ہوا اور ہم ترقی اور تعلیم کے میدان میں پیچھے رہ گئے۔اب ہمیں کسی قسم کے تنازعات میں الجھے بغیر علاقے کی اجتماعی ترقی و خوشحالی پر توجہ دینا ہوگا۔

انہوں نے نوجوانوں کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان طبقہ سیاسی تحریکوں میں ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کرتاہے اور نوجوانوں ہی سے قوم کا مستقبل وابستہ ہے نوجوانوں کو کسی اور کی رائے یا قبائلی فیصلے سے متاثر ہوئے بغیر اپنا فیصلہ خود اپنے سیاسی شعور اور ضمیر کی بنیاد پرکرنا چاہےئے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ الیکشن مہم میں تیزی لاکر بی این پی عوامی کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں۔