|

وقتِ اشاعت :   June 24 – 2018

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع آواران میں سابق ضلع ناظم خیر جان بلوچ پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا۔ فائرنگ کی اور راکٹ کے گولے داغے تاہم وہ محفوظ رہے۔خیرجان بلوچ آواران اور پنجگور پر مشتمل بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی پی بی 44 سے نیشنل پارٹی کے امیدوار ہیں۔ 

وہ اپنے رشتہ دار سے ملنے ان کے گھر آئے تھے جب ان پر حملہ کیاگیا۔آواران لیویز کے مطابق ہفتہ کو آواران کی تحصیل جھاؤ سے تقریباً بارہ کلو میٹر دور لنجار میں نامعلوم افراد نے ایک گھر پر چھوٹے ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کی اور یکے بعد دیگرے دو راکٹ گولے بھی داغے۔ 

اس گھر میں نیشنل پارٹی کے رہنماء سابق ضلع ناظم آواران خیر جان بلوچ ٹھہرے ہوئے تھے۔فائرنگ اور راکٹ دھماکوں سے علاقہ گونج اٹھا اور خوف و ہراس پھیلا۔خیرجان بلوچ کی حفاظت پر لیویز کے چھ اہلکار تعینات تھے۔ 

لیویز اہلکاروں کی جوابی کارروائی کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ خیر جان بلوچ کے بھائی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شفیع بلوچ کو 2015ء میں آواران میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔

ادھر نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق ناظم آواران وپولیٹیکل سیکرٹری وزیراعلی بلوچستان خیر جان بلوچ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے خیر جان پر ہونیوالے دہشتگرد حملے کو جمہوریت اور جمہوری وسیاسی عمل پر حملہ قرار دیا ۔

انہوں نے کہاکہ سیاسی وجمہوری عمل کو بندوق کی زور پر رکھا نہیں جاسکتا ہے اور جو لوگ بندوق اور دہشتگردی کے ذریعے سیاسی عمل کو دبانا چاہتے ہیں وہ انقلابی تو دورکی بات ہے جمہوریت و ترقی پسند بھی نہیں ہوسکتے ہیں ۔

سابق وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہاکہ خیر جان بلوچ ایک بہادر سیاسی کارکن ہے اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں اور بزدلانہ حملوں سے انکے حوصلے پست نہیں ہوں گے ۔

انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی کی قیادت نے عوام کی حق حکمرانی اور ملک میں جمہوریت وجمہوری سیاست کے فروغ کیلئے قربانیاں دی ہیں لیکن آج تک ان کے قدموں میں لرزش نہیں آئی یہ نیشنل پارٹی کے کارکن اور امیدوار ہیں ان کی جرات وہ بہادری پر شک کرنا اور گھناؤں ہتھکنڈوں سے ڈرا دھکماکرمقصد وجدوجہد سے دور نہیں کیا جاسکتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اس سے قبل خیر جان بلوچ کے بھائی شفیع جان کو شہید کیا گیا جس نے اپنی پوری زندگی عوام اور اپنے لوگوں کی خدمت میں وقف کی ،انہوں نے کہاکہ ہماری پالیسی بلوچستان وبلوچ عوام کے سیاسی معاشی اور قومی حقوق کا حصول ہے۔

نیشنل پارٹی نے خیر جان پر ہونیوالے دہشتگرد انہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ خیر جان بلوچ کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے ،سیکیورٹی ادارے شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے حقیقی امیدواروں کے تحفظ کو یقینی بنائیں ۔