سوچی : ٹونی کروز کے آخری لمحات میں گول جرمنی نے سویڈن کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2-1سے شکست دیدی ۔
دن کے تیسرے میچ اور اہم ترین میچ میں دفاعی چیمپیئن جرمنی نے سوئیڈن کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2۔1 سے شکست کر اگلے راؤنڈ میں رسائی کی امیدوں کو زندہ رکھا۔
سوچی کے فشت اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں جرمنی کو ورلڈ کپ میں اپنا سفر برقرار رکھنے کے لیے سوئیڈن کے خلاف لازمی فتح درکار تھی۔
عالمی چیمپیئن ٹیم نے شروع سے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے سوئیڈن پر اپنی برتری ثابت کی لیکن جرمن شائقین کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب 32ویں منٹ میں اولا ٹوئیوونین نے گول کر کے سوئیڈن کو میچ میں برتری دلا دی جسے انتہائی کوشش کے باوجود جرمن ٹیم پہلے ہاف میں برابر نہ کر سکی۔
البتہ دوسرے ہاف کے تیسرے ہی منٹ میں ریوس نے گیند کو جال میں پھینک کر مقابلہ برابر کردیا۔
سوئیڈن کی ٹیم کی حکمت عملی سے واضح تھا کہ وہ میچ کو ڈرا کرنے کے ارادے سے میدان میں اترے ہیں جبکہ دوسری جانب جرمن ٹیم نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے سوئیڈن پر یکے بعد دیگرے حملے کیے لیکن بدقسمتی سے گیند کو جال میں نہ پہنچا سکے۔
جرمنی کو میچ کے 82ویں منٹ میں اس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب ان کے اہم ترین دفاعی کھلاڑی جیروم بوٹینگ کو میچ میں دوسرے پیلا کارڈ ملنے پر لال کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا اور دفاعی چیمپیئن ٹیم 10کھلاڑیوں تک محدود ہو گئی۔
اختتامی لمحات میں میچ ڈرا کی جانب گامزن ہوتا نظر آ رہا تھا لیکن میچ کے انجری ٹائم کے آخری منٹ میں سوئیڈش کھلاڑی کے فاؤل پر جرمنی کو فری کک ملی اور ٹونی کروز نے عمدہ کک کے ساتھ گیند کو جال میں پہنچا کر جرمنی کو شاندار فتح سے ہمکنار کرانے کے ساتھ ساتھ ورلڈ کپ سے ممکنہ اخراج سے بھی بچا لیا۔
میچ میں جرمنی کی واضح برتری کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 76 فیصد گیند کا کنٹرول دفاعی چیمپیئن ٹیم کے پاس رہا۔
جرمنی کی ٹیم کا ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں آخری میچ جنوبی کوریا کی ٹیم سے ہے لیکن اس میچ میں فتح حاصل کرنے کے نتیجے میں بھی اسے اگلے راؤنڈ میں رسائی کے لیے میکسکو اور سوئیڈن کے درمیان میچ کے نتیجے کا انتظار کرنا ہو گا۔
ورلڈ کپ، کروز کا آخری لمحات میں گول ، جرمنی نے سویڈن کو 2-1سے شکست دیدی
وقتِ اشاعت : June 24 – 2018