|

وقتِ اشاعت :   June 24 – 2018

حب: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 272 لسبیلہ گوادرسے آزاد امیدوارو سابق اسپیکر بلوچستان محمداسلم بھوتانی کے وندر میں مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں حلقہ پی بی 50 وندر،اوتھل ،بیلہ ،لاکھڑا سے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے272سے آزاد امید وار محمد اسلم بھوتانی کو وندر پہنچنے پر ایک بڑے جلوس کی شکل میں مشاورتی اجلاس میں لایا گیا ۔

اس موقع پر مشاورتی اجلاس سے قومی اسمبلی حلقہ این اے272کے آزاد امید وار محمد اسلم بھوتانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی عوام کی رائے ہوگی اس کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کیا جائیگا اور دو دن کی مہلت ہے اس دوران دیکھتے ہیں اتحاد کیلئے کون کون رابطے کرتے ہیں ۔

اس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائیگاسا بق اسپیکر بلوچستا ن اسمبلی محمد اسلم بھوتانی نے کہا کہ 2013 کے الیکشن میں مرحوم جام محمد یوسف کے وفات کی وجہ سے لوگوں کے دلوں میں ہمدردیوں کی لہر تھی مگر الحمد اللہ ہم اپنے حلقے کی نشست اس وقت بھی لانے میں کامیاب ہوئے تھے ۔


انہوں نے کہا کہ اب 2013 اور 2018 میں بڑا فرق ہے لوگوں کو سب پتہ ہے کہ پانچ سال میں کتنے لوگوں کو روزگار ملا تو اب عوام کارکردگی دیکھ کر ووٹ دیگی۔

انہوں نے کہا کہ میں جام بھوتانی اتحاد کا آج بھی حامی ہوں مگر اس اتحاد سے ہمیں صرف دینا پڑرہا ہے مل کچھ نہیں رہا میں جام کمال صاحب سے کہتا ہوں کہ اس پر فیصلے پر غور فکر کریں بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے میرے حق میں دستبردار ہوجائیں اسی کو اتحاد کہتے ہیں یہ کیسا اتحاد ہے کہ صرف لو اور بدلے میں کچھ بھی مت دو. محمد اسلم بھوتانی نے کہا کہ ہم PB50 میں سیاسی اتحاد کیلے آپ عوام کے سامنے کھڑے ہیں ۔

آپ لوگوں کی مشاورت کیلئے یہاں آئے ہیں کہ عوام بتائے قومی اسمبلی کی نشست کیلے ہمیں PB50 میں کس سے اتحاد کرنا چاہیے ظاہر ہے حالیہ نئی حلقہ بندیوں میں سونمیانی کے چند علاقوں سمیت لیاری ہمارے حلقے سے نکل کر PB50 میں شامل ہوگئے ہیں جسکی وجہ سے اب اس حلقے میں ہمارے ہزاروں ووٹرز آنے سے ہمارا پوزیشن مضبوط ہوگیا ہے کہ ہم قومی اسمبلی کی نشست کیلے اس حلقے میں کسی بھی سیاسی جماعت یا شخصیت سے سیاسی اتحاد کرسکتے ہیں ۔

مگر اس شرط پر کہ وہ قومی اسمبلی کی نشست پر ہماری حمایت کرے تو صوبائی اسمبلی کی نشست PB50 پر ہم انکی حمایت کرینگے. انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ گوادر سے بہت سے لوگوں نے مجھ سے رابطہ کیا ہے ایسے لوگوں نے بھی رابطہ کیا ہے جو مجھے پہلے جانتے بھی نہیں تھے مگر ابھی اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرارہے ہیں اور میں انشا اللہ جولائی میں اورماڑہ،پسنی ،جیونی اور گوادر کا دورہ کرونگا۔