|

وقتِ اشاعت :   June 25 – 2018

خضدار:  مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء چیف آف جھالاوان و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان این اے 269و پی بی 38پر نامزد امیدوارنواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ جمہوریت اور وطن عزیز کے لئے ہماری قربانیاں لازوال ہیں ۔

میں نے اپنے فرزندبھائی بھتیجا اور بہت سارے کارکنوں کی قربانیاں دیکر استحکام ملک کے لئے اپنے حصے کا تعاون شامل کیا ،مجھے فخر حاصل ہے کہ ہماری تاریخ میں شہداء کی قربانیاں لکھی جائینگی ، جمہوریت پسندی ، پاکیزہ سیاست ، قبائلی و اسلامی روایات کے ہم پیرو کار ہیں اسی طرز سیاست کو ہم پوری زندگی نبہاتے رہیں گے اور اپنے کارکنوں کو بھی اس کی تلقین کرتے رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر خضدار، مولہ ، زہری ، وڈھ، نال ، باغبانہ ، سوراب ، کرخ ، زیدی سمیت دیگر علاقوں سے آئے ہوئے سینکڑوں کارکنان، قبائلی زعماء اور سیاسی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پرمسلم لیگ (ن) خضدار کے صدر میر عبدالرحمن زہری، شاہزین شاہوانی ، چیئرمین عبدالحی زہری ، منیراحمد قمبرانی ، عید محمد ایڈوکیٹ ، ثناء اللہ زہری، ذاکر باجوئی سمیت دیگر رہنماء بھی موجود تھے ۔

سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ گزشتہ تین دھائیوں کی سیاست کے تجربے سے ہمیں بہت کچھ دیکھنے و سیکھنے کو ملا ہے ، ہم تلخ تجربات اور شیرنی تجربات بھی ملاحظہ کرچکے ہیں اتنے طویل عرصے سے سیاست کرتے ہوئے اب اس میدان میں ہم کند ن بن چکے ہیں۔

مجھے اس بات پر بھی فخر حاصل ہے کہ میں نے اپنے وزارت اعلیٰ کے دور میں بلوچستان کے لئے بہت کچھ حاصل کرنے میں کامیاب ہوا، صوبے میں تعلیم ، صحت ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، ڈیمز کی تعمیر سمیت بہت سارے پراجیکٹس دیئے ،ہر ڈویژن اور ضلع کو پہلی بار خطیر رقم فراہم کی گئی ،اور بہت ساری ہمارے منصوبے و خواہشیں ادھورے رہ گئے کہ جنہیں عوام کی خوشحالی و فلاح و بہبود کے لئے نبہانا چاہ رہے تھے ۔

انہوں نے کہاکہ ہم جب بھی اقتدار میں پہنچے اسے عوام کا تابع بنا دیا اور عوام ہی کے لئے کام کرتے رہے عوام کی خوشحالی کے لئے سوچتے رہے اور منصوبے بنا کر ان پر عمل بھی کیا ، ہماری یہ سب کار کردگی آج گراؤنڈ پر نظر بھی آرہی ہے ۔

چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ میرے کارکن میرے لئے قیمتی اثاثہ ہیں ، جنہوں نے ہر کٹھن مرحلہ پر میرے ساتھ نبہا کر انہوں نے وفاداری اور اقدار کی جس طرح پاسداری کی ہیں اس پر مجھے فخر حاصل ہے ، ہماری سیاست کا یہ بھی طر ہ امتیاز ہے کہ ہم جو کرتے ہیں ۔

اپنی رعیت کو وہی دکھا تے ہیں ، ہمارے قول و فعل میں میں کوئی تضاد نہیں ہے ، جو دل میں ہوتا ہے وہی زبان پر لاتے ہیں ، اپنے کارکنوں کو کبھی بھی اندھیر نگری میں نہیں رکھا ، ہماری سیاست کا یہی وہ حسن و خوبی ہے کہ جسے ہم برسوں سے نبہارہے ہیں،جس پر ہمارے کارکن مطمئن ہیں، اسی کی بنیاد پر اپنے عوام میں جاتے ہیں ۔

ان کی مینڈٹ سے پھر اسمبلیوں تک رسائی حاصل کرپاتے ہیں ، جھالاوان سمیت پورے بلوچستان میں ہمیں اپنے عوام کی بھر پور پذیرائی حاصل ہے ، انشاء اللہ 25جولائی کو حق اور سچ کی فتح ہوگی ۔