خضدار : بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے سربراہ و حلقہ پی بی 38 زہری و پی بی39 خضدار سے نامزد امیدوار میر اسراراللہ زہری نے کہا ہے کہ عوام کی سوچ میں مثبت تبدیلی ترقی و خوشحالی کی نوید ہے۔
امن،تعلیم و ترقی کے دشمنوں کا راستہ روکنے کے لےئے ووٹ کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔عوام کو ووٹ کی اہمیت سے متعلق آگہی دینا ضروری ہے۔مخالفین نوشتہ دیوار پڑھ لیں عوام کی حمایت سے پچیس جولائی کو تاریخی کامیابی حاصل کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکشن مہم کے سلسلے میں گزگی،کھنڈ،باغبانہ اور خیراوہ سمیت مختلف مقامات پر کارنر میٹنگز و شمولیتی اجتماعات اور باغبانہ محمودانی سے میر حسن لانگو کی قیادت میں شمولیت کرنے والوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔۔
میر اسرار اللہ زہری نے کہا کہ ماضی میں خضدارکے عوام نے جن کو ووٹ دیاانہوں نے خضدار کی مینڈیٹ کو اپنے ذاتی مفاد کے لےئے استعمال کیا۔اگر مسائل کی حل پر توجہ دی جاتی تو آج انہیں عوامی سطح پر نفرتوں کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔انہوں نے کہا کہ خضدارکی سیاسی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا،یہاں سے تعلق رکھنے والے سیاسی کارکنوں نے صوبے کی سیاست میں ہمیشہ سے قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔
خوشی کا مقام ہے کہ اب خضدار کے عوام کی سوچ میں بھی مثبت تبدیلی آئی ہے جو کہ امن،ترقی و خوشحالی کی جانب واضح اشارہ ہے۔انہوں نے مختلف سیاسی رہنماؤں و کارکنوں کی بی این پی عوامی میں شمولیت کو نیک شگون قرار دیتے ہوئے کہا کہ خضدار کے عوام کی جانب سے پزیرائی حوصلہ افزاء ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقی کی سفر میں سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔
ہم سب مل کر خضدار کی صحیح معنوں میں تعمیر کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی این پی عوامی کے مقابلے میں وہ لوگ ہیں جو ہمیشہ سے امن و خوشحالی اور ترقی و تعلیم کے دشمن رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی، شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی ،تعلیم اور صحت کے مسائل حل کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اونٹ کا نشان عظمت اور کامیابی کا نشان اور پچیس جولائی کرپٹ مافیا سے نجات کا دن ہے۔
خضدار کے عوام کے مینڈیٹ کو ذاتی مفادات کیلئے استعمال کیا گیا ، اسرار زہری
وقتِ اشاعت : June 26 – 2018