|

وقتِ اشاعت :   June 26 – 2018

گوادر : گوادر میں بجلی بحران کے خلاف سول سوسائٹی و مختلف سماجی گروپس کی جانب سے احتجاجی ریلی ، ایکسیئن کیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی، فوری تبادلہ کا مطالبہ۔ سابق ایم پی اے میر حمل کلمتی و دیگر امیدواروں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت۔ 

گوادر میں گزشتہ کئی روز سے بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف وائس آف گوادر، شاہین گروپ اور دیگر فورمز کی جانب سے ایک احتجاجی ریلی سیرت النبی چوک سے نکالی گئی ۔ ریلی نے شہر کے مختلف شاہراؤں کا گشت کرتے ہوئے پریس کلب پہنچ کر مظاہرے کی شکل اختیار کی۔ 

احتجاجی مظاہرے سے بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق صوبائی وزیر و ایم پی اے میر حمل کلمتی، ایم ایم اے کے امید وار و جماعت اسلامی کے امیر سعید احمد بلوچ، وائس آف گوادر فورم کے عتیق الرحمن نواب، برکت اللہ بلوچ، ابو معاویہ، بی این پی عوامی کے جاوید دشتی، علی داؤدی ، شاہین گروپ کے اعظم کلانچی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی کے دنوں میں کیسکو طویل لوڈ شیڈنگ کرکے عوام کو اذیت میں مبتلا کر رہی ہے ۔

ہر روز سولہ سے زائد گھنٹے بجلی بند کرکے عوام کو پریشان کیا جاتا ہے۔ ایکسیئن کیسکو اپنی زمہ داریوں سے غافل ہو چکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مین ٹرانسمیشن لائن سمیت کیسکو کا پورا سسٹم ناکارہ ہو چکا ہے۔ شہر میں ہر روز تاریں گر رہی ہیں اور ٹرانسفارمرز جل رہے ہیں ۔ کیسکو زمہ داران کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگتی۔ خراب ٹرانسفارمرز کی مرمت کے اخراجات بھی عوام سے لئے جاتے ہیں ۔

حالانکہ گوادر مکران بھر میں 80 فیصد بل ادا کرتا ہے۔ اس کے باوجود گوادر میں لوڈشیڈنگ بھی زیادہ کیا جا تاہے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم پی اے میر حمل کلمتی نے کہا کہ اپنے حلقہ کے عوام کے تکالیف کو دیکھتے ہونے انھوں نے گوادر کے دونوں فیڈرز کے بوجھ کو کم کرنے اور عوام کی سہولت کی خاطر دو نئے فیڈرز منظور کروائیں جن پر کافی تگ و دو کے بعد تین ماہ پہلے کام کا آغاز ہوا ۔ لیکن اب کام کو بند کر دیا گیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ کیسکو کی ناانصافیوں پر اسمبلی فلور سمیت ہر فورم پر آواز بلند کیا ہے۔ مقررین نے مطالبہ کیا ایکسیئن کیسکو کا فوری تبادلہ کیا جائے اور مین ٹرانسمیشن لائن سمیت پورے سسٹم کو تبدیل کیا جائے۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر کیسکو کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی میں سیاسی جماعتوں ، میر عبدالغفور کلمتی ویلفیئر ٹرسٹ کے چرمین ارشد کلمتی، نوجوانوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔