|

وقتِ اشاعت :   June 28 – 2018

خضدار : بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے سربراہ و حلقہ پی بی38 زہری و پی بی39 خضدار سے نامزد امیدوار میر اسراراللہ زہری نے کہا ہے کہ قوم پرستی کے نام پر اقتدار حاصل کرنے والوں نے گوادر کی قیمتیں اراضیات کو کوڑیوں کے دام فیصل آبادیوں اور لاہوریوں میں تقسیم کیا ،لوگ پانی کی بوند کے لےئے ترس رہے ہیں جبکہ غریب صوبے کی وسائل دوسرے صوبوں پر خرچ ہوتے رہے۔

اب کس بنیاد پر عوام سے ووٹ مانگی جارہی ہے،عوام کی عدالت میں انہیں شرمندگی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔عوام کو ووٹ کی طاقت سے ایسے ضمیر فروشوں و قوم دشمنوں کا احتساب کرنا ہوگا، غریب اور باشعورعوام کی مدد سے پچیس جولائی کے انتخابات میں بی این پی عوامی تاریخی کامیابی حاصل کرے گی ،اجتماعی جدوجہد کے ذریعے ہی اجتماعی ترقی کی بنیاد رکھی جاسکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچ آباد چمروک ، ٹاؤن شپ و دیگر مقامات پر منعقدہ مختلف شمولیتی اجتماعات اور کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں بلوچ آباد سے نوابزادہ انعام اللہ نوشیروانی کی قیادت میں حاجی دین محمد نوشیروانی،غلام مصطفیٰ نوشیروانی،علی حسن نوشیروانی،کریم بخش نوشیروانی نے اپنے سینکڑوں عزیز و اقارب اور ٹاؤن شپ سے خلیل احمد مینگل،جمیل احمد مینگل،عبدالوہاب محمد حسنی و دیگر درجنوں افراد نے بی این پی عوامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

میر اسرار اللہ زہری نے بی این پی عوامی میں شمولیت اختیار کرنے والے کارکنوں کاخیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بی این پی عوامی سیاسی کارکنان کے لےئے سب سے مؤثر اور موزوں جماعت ہے جہاں سب لوگ جمہوری انداز میں اپنے حقوق کی بات کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا نام نھاد قوم پرستوں نے عوام کو مایوسی اور بدحالی کے سوا کچھ نہیں دیا،پچیس جولائی کے انتخابات میں عوام پیٹ پرستی کی سیاست کو ہمیشہ کے لےئے دفن کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ خضدار کے تمام گلی محلوں سے عوام کی بی این پی عوامی میں شمولیت حوصلہ افزاء ہے۔ بی این پی عوامی کے کارکنوں اور ہمدردوں کو چاہےئے کہ وہ گھر گھر جاکر عوام کو ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کریں اور بی این پی عوامی کا پیغام پہنچائیں۔

اجتماعات سے بی این پی عوامی کے ضلعی آرگنائزر وامیدوار برائے قومی اسمبلی ڈاکٹر حضوربخش زہری،ڈپٹی آرگنازئر، حاجی نورالدین چھٹہ،سینئر رہنماؤں عنایت جام،یاسر چیف،سمیع رؤف و دیگر بھی خطاب کیا جبکہ میر ضیاہ اللہ زہری،حاجی انور قلندرانی،میر شفیع بارانزئی،اکبر لانگو و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔