|

وقتِ اشاعت :   June 28 – 2018

خضدار:  نیشنل پارٹی کے نامزد امیدوار برائے پی بی 39 خضدار نال سردار محمد اسلم بزنجو اور حلقہ این اے 269 کے نامزد امیدوار محمد آصف جمالدینی نے کہا ہے کہ ہماری کارکردگی ہماری کامیابی کی ضمانت ہے بلا رنگ و نسل قوم قبیلہ ہم نے خضدار نال کے عوام کے لئے اربوں روپے کے ترقیاتی اسکیمات منظور کروادی جن کی تکمیل سے آج عوام بھر پور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

ہم عوامی طاقت پر یقین رکھنے والے لوگ ہیں ہم سمجھتے ہیں کہ تبدیلی کی بنیاد عوام ہی ہے جس طرح 2013 ء کے انتخابات میں عوام نے ہمارے حق میں فیصلہ دیا 2018 ء کے انتخابات میں بھی وہ آری پر مہر لگا کر ہمیں اپنی خدمت کا موقع اور ترقیاتی عمل جاری رکھنے میں ہماری مدد کرئینگے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پارٹی کے انتخابی دفتر میں مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پرعبدالحمید ایڈووکیٹ، میر ولید بزنجو،بی ایس او کے مرکزی ترجمان نادر بلوچ،سیف اللہ ملازئی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

نیشنل پارٹی کے امیدواروں کا کہنا تھا کہ آج خالی خولی نعروں کا نہیں بلکہ کارکردگی کا دور ہے اور جب ہم حکومت میں تھے عوام سے کئے گئے وعدے پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی سب سے پہلے خضدار کے امن کو بحال کیا،بعد میں پورے ضلع میں ڈیمز کا جال بچھا دیا،پھر یونیورسٹیوں کے قیام کو ممکن بنا کر مقامی طلباء کے لئے علم کے دروازے کھول دئیے،خضدار شہر کی سڑکیں جو کھنڈرات کا منظر پیش کر رہے تھے ۔

پورے شہر کی سڑکوں کو کارپٹ کر کے اس مسئلے کو بھی حل کر دیا،خضدار نال فیروز آباد سمیت مختلف علاقوں میں واٹر سپلائی اسکیمات دئیے اور پرائمری،مڈل سکولوں کی اپ گریڈیشن کی تا کہ دیہی علاقوں کے طلباء بھی علم کی روشنی سے محروم نہ رہیں یہ ہماری کارکردگی کی ایک ججھلک ہے ۔

آئندہ مالی سال میں پی ایس ڈی پی میں بھی ہم نے کرڑوں روپے کے ترقیاتی اسکیمات کے لئے رقم مختص کی ہے انشاء اللہ بہت جلد ان پر بھی کام کا آغاز ہو گا ہم نے بلا کسی غرض کے عوام کی خدمت کی ہے اور یہ خدمت ہمارے لئے عبادت کا درجہ رکھتی ہے آنے والے انتخابات میں ہم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے پاس جا ررہے ہیں انشاء اللہ عوام کی طاقت سے کامیابی ہماری ہو گی۔