|

وقتِ اشاعت :   July 1 – 2018

کراچی :  نیشنل پارٹی کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر میر حاصل بزنجو نے سندھ کی سطح پر مسلم لیگ ن سے انتخابی اتحاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی ن لیگ کے تمام امیدواروں کو سپورٹ کرے گی۔ 

عمران خان کا آئندہ وزیراعظم بننا ناممکن ہے۔ جس طرح صادق سنجرانی کو آگے لا کر چیئرمین سینیٹ بنوایا گیا لگتا نہیں آئندہ آصف کلی زرداری کی بھی کوئی حیثیت ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو مسلم لیگ ن سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن سندھ کے جنرل سیکریٹری سلیم ضیاء، خواجہ طارق نذیر، نیشنل پارٹی کے صدر رمضان میمن و دیگر بھی موجود تھے۔ 

میر حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ پی ایس 130پر مسلم لیگ ن نیشنل پارٹی کے امیدوار غلام نبی بروہی کو مکمل سپورٹ کرے گی۔ بد قسمتی سے 2018ء کے انتخابات ہمیں صاف و شفاف ہوتے نظر نہیں آرہے ۔ الیکشن سے پہلے ہی الیکشن کمیشن سمیت دیگر اہم اداروں دھاندلی کا آغاز کردیا ہے۔ 

عمران خان کو کامیاب کرانے کے لئے سہولتیں دی جارہی ہیں۔ نیشنل پارٹی اور مسلم لیگ ن نے فیصلہ کیا ہے کہ دونوں سیاسی جماعتیں سندھ میں ایک دوسرے کے ساتھ انتخابات میں ہر سطح پر مل کر چلیں گی۔ انتخابات میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا تاخیر بالکل بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔ 

الیکشن کمیشن اور بعض اہم اداروں کے اقدامات سے ہمیں نظر نہیں آ رہے کہ الیکشن صاف و شفاف ہوں گے۔ اس حوالے سے ہماری امیدیں دم توڑتی جارہی ہیں۔ عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو سہولتیں دی جارہی ہیں۔ 

وزیر اعلی بلوچستان کے حوالے سے ہمارے تحفظات تھے انہیں دور نہیں کیا گیا۔ الیکشن کمیشن اور بعض اداروں نے مخصوص ذہن کے لوگوں کو آگے لیکر آئے ہیں۔ بلوچستان میں لوگوں کو دھمکیاں دی گئیں تاکہ وہ مسلم لیگ ن کی اتحادی جماعتوں کا ساتھ نہ دیں۔ جس طرح صادق سنجرانی کو آگے لایا گیا اور چیئرمین سینیٹ بنوایا گیا اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے مجھے نہیں لگتا عمران خان آئندہ کے وزیر اعظم ہوں گے اور آصف علی زرداری کی کوئی حیثیت ہوگی۔ 

شاہ محمد شاہ کا کہنا تھا کہ ہم میر حاصل خان بزنجو کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمیشہ نواز شریف اور مسلم لیگ ن کا ساتھ دیا ہے۔ پنجاب اور سندھ میں ن لیگ عہدیداران کو گرفتار کیا جارہاہے،انہیں ڈرایادھمکایاجارہاہے۔جے یو آئی(ف)، نیشنل پارٹی، دیگر اتحادی جماعتیں ہمارے ساتھ کھڑی ہیں۔کیسے بھی حالات ہوں مسلم لیگ ن پیچھے ہٹنے والی جماعت نہیں ہے۔

ن لیگ نے سندھ میں 100سے زائد امیدوار کھڑے کئے ہیں جن میں قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدوار شامل ہیں۔مسلم لیگ ن سندھ کے جنرل سیکریٹری سلیم ضیاء نے کہا کہ مسلم لیگ ن نیشنل پارٹی کے پی ایس 130 سے امیدوار غلام نبی بروہی کے ساتھ مکمل سپورٹ کرے گی۔ لیاری کے عوام پیپلز پارٹی سے تنگ آچکے ہیں وہ اب تبدیلی چاہتے ہیں۔